ظفر انور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
زہر غم دل میں سمونے بھی نہیں دیتا ہے (غزل)
زہر غم دل میں سمونے بھی نہیں دیتا ہے
کرب احساس کو کھونے بھی نہیں دیتا ہے
دل کی زخموں کو کیا کرتا ہے تازہ ہر دم
پھر ستم یہ ہے کہ رونے بھی نہیں دیتا ہے
اشک خوں دل سے امنڈ آتے ہیں دریا کی طرح
دامن چشم بھگونے بھی نہیں دیتا ہے
اٹھنا چاہیں تو گرا دیتا ہے پھر ٹھوکر سے
بے خودی چاہیں تو ہونے بھی نہیں دیتا ہے
ہر گھڑی لگتی ہے انورؔ پہ نئی اک تہمت
کسی الزام کو دھونے بھی نہیں دیتا ہے
سر میں سودا بھی وہی کوچۂ قاتل بھی وہی (غزل)
سر میں سودا بھی وہی کوچۂ قاتل بھی وہی
رقص بسمل بھی وہی شور سلاسل بھی وہی
بات جب ہے کہ ہر اک پھول کو یکساں سمجھو
سب کا آمیزہ وہی آب وہی گل بھی وہی
ڈوب جاتا ہے جہاں ڈوبنا ہوتا ہے جسے
ورنہ پیراک کو دریا وہی ساحل بھی وہی
دیکھنا چاہو تو زخموں کا چراغاں ہر سمت
محفل غیر وہی انجمن دل بھی وہی
کیسے ممکن ہے کہ قاتل ہی مسیحا ہو جائے
اس کی نیت بھی وہی دعوئ باطل بھی وہی
تم سمجھتے نہیں انورؔ تو خطا کس کی ہے
راہ ہے روز ازل سے وہی منزل بھی وہی