ظفر اکبرآبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دنیا مزاج دان و مزاج آشنا نہ تھی (غزل)
دنیا مزاج دان و مزاج آشنا نہ تھی
دنیا کے پاس زہر بہت تھا دوا نہ تھی
روشن تھا دل میں صرف کسی یاد کا چراغ
گھر میں کوئی بھی روشنی اس کے سوا نہ تھی
میں تھا وفا سرشت مجھے تھی وفا عزیز
وہ تھا بہانہ جو اسے خوئے بہا نہ تھی
یوں کوئی میرے پاس سے ہو کر گزر گیا
جیسے کبھی نظر سے نظر آشنا نہ تھی
بے وجہ سنگسار جو مجھ کو کیا گیا
وہ تھی اک انتقام کی صورت سزا نہ تھی
دل بھی کسی کے جور پہ تھا دم بخود ظفرؔ
لب پر بھی احتجاج کی کوئی صدا نہ تھی
کبھی اسے تو کبھی خود کو دیکھتے رہنا (غزل)
کبھی اسے تو کبھی خود کو دیکھتے رہنا
اسی مدار میں دن رات گھومتے رہنا
ہم اپنا فرض کریں گے ادا بہ ہر صورت
ہمارا کام ہے راہیں تراشتے رہنا
وہ محو ہونا مرا شام سے تری دھن میں
تمام رات تری راہ دیکھتے رہنا
نہ ہونے دینا کبھی پست حوصلوں کی فصیل
کمند چاند ستاروں پہ ڈالتے رہنا
اٹھائے رکھنا اسی اک اصول کا پرچم
برا نہ کرنا بھلا سب کا چاہتے رہنا
نجات تیرہ شبی سے جو چاہتے ہو ظفرؔ
نقوش صبح درخشاں ابھارتے رہنا