یوسف حسن کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
آنکھ میں ٹھہرا ہوا سپنا بکھر بھی جائے گا (غزل)
آنکھ میں ٹھہرا ہوا سپنا بکھر بھی جائے گا
رات بھر میں نیند کا نشہ اتر بھی جائے گا
دن کی چمکیلی صداؤں سے گریزاں راہرو
شام کی سرگوشیاں سن کر ٹھہر بھی جائے گا
جسم و جاں میں جلتی بجھتی لرزشیں رہ جائیں گی
وہ مرے احساس کو چھوکر گزر بھی جائے گا
بے تعلق سی کرے گا گفتگو مجھ سے مگر
اس کا لہجہ اس کی باتوں سے مکر بھی جائے گا
وہ بھی ہوگا آہٹوں کا منتظر میری طرح
اور فقط جھونکا ہوا کا اس کے گھر بھی جائے گا
اسی حریف کی غارت گری کا ڈر بھی تھا (غزل)
اسی حریف کی غارت گری کا ڈر بھی تھا
یہ دل کا درد مگر زاد رہ گزر بھی تھا
یہ جسم و جان تری ہی عطا سہی لیکن
ترے جہان میں جینا مرا ہنر بھی تھا
اسی پہ شہر کی ساری ہوائیں برہم تھیں
کہ اک دیا مرے گھر کی منڈیر پر بھی تھا
مجھے کہیں کا نہ رکھا سفید پوشی نے
میں گرد گرد اٹھا تھا تو معتبر بھی تھا
اسی کھنڈر میں مرے خواب کی گلی بھی تھی
گلی میں پیڑ بھی تھا پیڑ پر ثمر بھی تھا
میں سرخ رو تھا خدائی کے روبرو یوسفؔ
کہ اس کی چاہ کا الزام میرے سر بھی تھا
زندہ لہو کے عظم کی تعظیم کر نہ کر (نظم)
زندہ لہو کے عظم کی تعظیم کر نہ کر
ابھرے گا اس لہو کے تموج سے انقلاب
سچائی کی نمود کو تسلیم کر نہ کر
کچے گھروں کی کوکھ سے پھوٹے گا انقلاب
تو شب کے خد و خال میں ترمیم کر نہ کر