پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

یاور وارثی کی غزلیں — Yawar Warsi Ghazals

یاور وارثی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہیں منتظر آنکھیں کوئی اک خواب تو آئے (غزل)

ہیں منتظر آنکھیں کوئی اک خواب تو آئے

ساحل نہیں آتا ہے تو گرداب تو آئے

صحرا کے خد و خال سے کھیلوں میں کہاں تک

رستے میں کوئی خطۂ شاداب تو آئے

کیا فکر جو پیکر سے وہ مہتاب نہیں ہے

پہنے ہوئے پیراہن مہتاب تو آئے

افلاک یہ کہتے ہیں ہوئی بزم مکمل

کہتے ہیں ستارے مرا مہتاب تو آئے

جو وقت کی لکھی ہوئی تحریر مٹا دے

بازار میں ایسا کوئی تیزاب تو آئے

جن لوگوں نے دیکھی نہیں ڈوبی ہوئی بستی

وہ لوگ دعا کرتے ہیں سیلاب تو آئے

سنتا ہوں کہ ہر شخص پڑھے اس کا قصیدہ

اک بار شناور وہ تہہ آب تو آئے

آ جائیں گے آہو بھی جھکائے ہوئے گردن

شمشیر ہنر میں تری کچھ آب تو آئے

کس کام کے تھے پھینک دیے دشت زیاں میں

ہاتھوں میں کئی گوہر نایاب تو آئے

سوکھے ہوئے ہونٹ اپنے دکھا دیں گے اسے ہم

پہلے ہمیں کرنے کوئی سیراب تو آئے

ہر شخص سے ملتا ہے نئے کنج نفس میں

یاورؔ کو ملاقات کے آداب تو آئے

آنکھ مانگی تو مجھے دے دیا دریا اس نے (غزل)

آنکھ مانگی تو مجھے دے دیا دریا اس نے

ہونٹ مانگے تو دیا پیاس کا صحرا اس نے

بستر خواب پہ آرام کی خواہش تھی بہت

تحفۂ درد محبت سے نوازا اس نے

زندگی بھر کے لئے رزق مرا بند کیا

صبر کا دے کے مجھے ایک نوالا اس نے

بات تنہائی سے کرنے کا دیا اذن مجھے

بزم احباب میں خاموش بٹھایا اس نے

چند سانسوں کا جہاں خلق کیا میرے لئے

قوت بازو و پر دے کے اڑایا اس نے

چاہتا تھا کہ ہر اک فن میں مکمل ہو جاؤں

میں جو گرنے لگا مجھ کو نہ سنبھالا اس نے

کو بہ کو پھرتے رہے نخل جنوں مل نہ سکا

شہر ادراک میں برسوں تو گھمایا اس نے

میں نے دیکھا نہیں احساس ہوا ہے مجھ کو

کھول رکھا ہے مرے گھر میں دریچہ اس نے

وقت کے ساتھ ہوا جاتا ہے گہرا یہ سوال

کیوں دکھایا تھا چمکتا ہوا تارا اس نے

اس کے چہرے کی تلاوت سے نہ غافل ہو جاؤں

اس لئے آئنہ ہاتھوں سے گرایا اس نے

زندگی جیسے گزرنی تھی وہ گزری یاورؔ

گل صفت خواب مجھے روز دکھایا اس نے

مزید غزلیں از یاور وارثی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں