پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

یٰسین قدرت کی غزلیں — Yaseen Qudrat Ghazals

یٰسین قدرت کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کرم نہیں تو ستم ہی سہی روا رکھنا (غزل)

کرم نہیں تو ستم ہی سہی روا رکھنا

تعلقات وہ جیسے بھی ہوں سدا رکھنا

کچھ اس طرح کی ہدایت ملی ہے اب کے مجھے

کہ سر پہ قہر بھی ٹوٹیں تو دل بڑا رکھنا

نہ آنسوؤں کی رواں نہر آنکھ سے کرنا

اب اس کی یاد بھی آئے تو حوصلہ رکھنا

کسے ملا ہے ملے گا کسے مراد کا پھل

سو غائبانہ نوازش کی آس کیا رکھنا

عجب نہیں کہ ورود حبیب ہو جائے

زمانہ تنگ نظر ہے تو دل کھلا رکھنا

جو دوستی کے لئے بے قرار رہتا ہے

وہ کوئی چال نہ چل جائے پھر پتا رکھنا

ستارہ عرش سے ٹوٹے گا ایک فرش کی سمت

تم اپنا گھر در و دیوار تک سجا رکھنا

وفا شعار بھی قدرت تھا روٹھنے والا

روایتاً بھی نہ نام اس کا بے وفا رکھنا

ملگجی عرض غم زرد سا آسماں (نظم)

ملگجی عرض غم زرد سا آسماں

اور افق تا افق اور شفق در شفق

سرمئی بادلوں میں اداسی کے رنگ

اس کے کمرے کے ماحول میں

اک ملال آفریں کیفیت

اس کی نرگس سی آنکھوں میں لرزاں حنائی

نشاں

الاماں

اس کا غنچہ دہن

ادھ کھلے پھول سا

اس کے رخسار پر

سرخیوں کی پھبن

اور براق ہاتھوں پہ رکھی ہوئی زندگی

وہ مری زندگی

درد کے سلسلے

پھول افسردہ کلیاں نڈھال

کھنڈروں کی مثال

بام اجڑے ہوئے

حیرتوں کے سفر

ہجرتوں کے نگر

اور بے رنگ افسردہ پژمردہ اطراف کا شور و شر

اس کی یادوں کے دکھ

اس کی دوری کے غم

نارسائی کے ارمان

اور کرب کی دھند میں

اس کی ہجرت کے دکھ

میں جو پلٹوں تو ماضی کی بیزاریاں

بال کھولے ہوئے ماتمی رنگ میں پرفشاں

ایک برزخ کی وہ رات تھی

گونجتی رات تھی

جبکہ کمرے میں سب جمع تھے

اس نے مجھ سے کہا

چلو آج باہر کا موسم بہت دل نشیں ہے

مزید غزلیں از یٰسین قدرت ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں