YaadeiNیادیں آہ اثر ہو گئی تو کیا ہوگا بے اثر ہ…


YaadeiNیادیں

آہ اثر ہو گئی تو کیا ہوگا
بے اثر ہو گئی تو کیا ہوگا

شام غم آ چلے تصور میں
اب سحر ہو گئی تو کیا ہوگا

وہ نظر جس کو ہے خبر میری
بے خبر ہو گئی تو کیا ہوگا

داستاں عشق کی طویل تو ہے
مختصر ہو گئی تو کیا ہوگا

شب نہ کاٹے کٹی تو ہوگا کیا
اور بسر ہو گئی تو کیا ہوگا

آہ گو دل سے ہم نہیں کرتے
کارگر ہو گئی تو کیا ہوگا

روبرو ان کے چپ تو ہوں بہزادؔ
آنکھ تر ہو گئی تو کیا ہوگا…!

✍…بہزادؔ لکھنوی