پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

واصف دہلوی کی غزلیں — Wasif Dehlvi Ghazals

واصف دہلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بجھتے ہوئے چراغ فروزاں کریں گے ہم (غزل)

بجھتے ہوئے چراغ فروزاں کریں گے ہم

تم آؤگے تو جشن چراغاں کریں گے ہم

باقی ہے خاک کوئے محبت کی تشنگی

اپنے لہو کو اور بھی ارزاں کریں گے ہم

بیچارگی کے ہو گئے یہ چارہ گر شکار

اب خود ہی اپنے درد کا درماں کریں گے ہم

جوش جنوں سے جامۂ ہستی ہے تار تار

کیونکر علاج تنگی داماں کریں گے ہم

اے چارہ ساز دل کی لگی کا ہے کیا علاج

کہنے سے تیرے سیر گلستاں کریں گے ہم

کیا غم جو حسرتوں کے دیے بجھ گئے تمام

داغوں سے آج گھر میں چراغاں کریں گے ہم

واصفؔ کا انتظار ہے تھم جاؤ دوستو

دم بھر میں طے حدود بیاباں کریں گے ہم

عزت انہیں ملی وہی آخر بڑے رہے (غزل)

عزت انہیں ملی وہی آخر بڑے رہے

جو خاک ہو کے آپ کے در پر پڑے رہے

اے دوست مغتنم ہیں وہ مردان با وقار

عسرت میں بھی جو آن پہ اپنی اڑے رہے

پایاب ہو کے سیل نے ان کے قدم لیے

منجدھار میں جو پاؤں جمائے کھڑے رہے

پڑتی نہیں ہر ایک پہ اس کی نگاہ ناز

ساقی کے آستاں پہ ہزاروں پڑے رہے

اپنوں کی تلخ گوئی کی لذت نہ پوچھیے

بھالے سے عمر بھر رگ جاں میں گڑے رہے

مانند سنگ میل دکھائی ہر اک کو راہ

لیکن خود اپنے پاؤں زمیں میں گڑے رہے

ظالم سے ایک بوسے پہ برسوں رہی ہے ضد

آخر تک اپنی بات پہ ہم بھی اڑے رہے

شاید کہ ملتفت ہو کوئی شہسوار ناز

کس آرزو سے ہم سر منزل کھڑے رہے

فتنے بہت ہیں بت کدہ و خانقاہ میں

اچھے رہے جو دشت جنوں میں پڑے رہے

واصفؔ کا انتظار تھا صحرا میں بعد قیس

کانٹے بھی مدتوں یوں ہی پیاسے پڑے رہے

مزید غزلیں از واصف دہلوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں