وصی سیتاپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تیرے در پہ دل ناکام لئے بیٹھے ہیں (غزل)
تیرے در پہ دل ناکام لئے بیٹھے ہیں
میکدہ بند ہے اور جام لئے بیٹھے ہیں
یہ ہیں دیوانے بھلا سجدوں کا موقع دیں گے
ہم کہاں حسرت الزام لئے بیٹھے ہیں
غم نہیں اس کا جو طوفان ڈبو دے مجھ کو
اہل ساحل مرا پیغام لئے بیٹھے ہیں
تیز رو جادۂ بے نام سے آگے پہونچے
اور منزل کو سبک گام لئے بیٹھے ہیں
کیوں وصیؔ ان کے لبوں پر ہے سکوت پیہم
دل میں جو حشر کا ہنگام لئے بیٹھے ہیں
شکوہ تمہارا اب نہیں کرتے کسی سے ہم (غزل)
شکوہ تمہارا اب نہیں کرتے کسی سے ہم
مانوس ہو گئے ہیں غم زندگی سے ہم
دھوکا نہ دے سکے گی ہمیں تلخیٔ حیات
کھائیں گے اب فریب کسی اجنبی سے ہم
گم ہو کے جس میں رہ گئے کتنے ہی کارواں
گزرے ہیں بار بار اسی تیرگی سے ہم
ہنس ہنس کے جس نے لوٹ لیں ساری مسرتیں
اب بھیک مانگتے ہیں اسی سے خوشی کی ہم
دیوانہ کہنے والے تجھے کچھ خبر بھی ہے
لیتے ہیں کام ہوش کا دیوانگی سے ہم
سجدہ بقدر ہوش فریب تمام ہے
واقف ہیں خوب رسم و رہ بندگی سے ہم
عرفان زندگی اسے کیوں کر ہوا نصیب
یہ راز پوچھ لیں گے کسی دن وصیؔ سے ہم