پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ولی کاکوروی کی غزلیں — Wali Kakoravi Ghazals

ولی کاکوروی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

زمیں سے آسماں تک یا مکاں سے لا مکاں تک ہے (غزل)

زمیں سے آسماں تک یا مکاں سے لا مکاں تک ہے

جمال یار کا پرتو خدا جانے کہاں تک ہے

چمن میں بجلیو کچھ اور بھی تو آشیانے ہیں

مگر سارا تبسم صرف میرے آشیاں تک ہے

مرے شور جنوں سے حسن کی ہے گرم بازاری

تجلی شمع کی پروانۂ آتش بجاں تک ہے

نشاط جاوداں ہوتا ہے حاصل بے نیازی سے

وجود رنج و غم اندیشۂ سود و زیاں تک ہے

نگاہ شوق کی گستاخیاں کر دیں گی شوخ ان کو

ہمیں بھی دیکھنا ہے شرم کی وسعت کہاں تک ہے

مرے ایمان و دل کی کیا ہے قیمت جب کہ اے زاہد

تصدق ان کے جلوؤں پر متاع دو جہاں تک ہے

جو ہیں بے خانماں ان کو سرور زندگی کیا ہو

مزہ گلشن میں رہنے کا وجود آشیاں تک ہے

سفینے غرق لاکھوں ہو گئے بحر محبت میں

خدا معلوم اس دریا کی گہرائی کہاں تک ہے

تامل کیا ہے کر لے بیعت دست سبو زاہد

خبر بھی ہے کہ اس کا سلسلہ پیر مغاں تک ہے

مرے مٹتے ہی مٹ جائے گی شان برہمی تیری

ترے خنجر کی شوخی میرے زخم خوں چکاں تک ہے

جنون شوق سے ادراک ہوگا ان کے جلوے کا

خرد کی کار فرمائی فقط وہم و گماں تک ہے

ولیؔ دو ایک ساعت میں لکھی آخر غزل تو نے

ترے فکر فلک پیما کی جولانی یہاں تک ہے

نہ حرم کی ہے مجھے جستجو نہ در بتاں کی تلاش ہے (غزل)

نہ حرم کی ہے مجھے جستجو نہ در بتاں کی تلاش ہے

ترے نقش پا کی ہے آرزو ترے آستاں کی تلاش ہے

نہ طلب ہے نغمۂ دیر کی نہ مجھے اذاں کی تلاش ہے

جو دلوں کی آگ کو چھیڑ دے مجھے اس فغاں کی تلاش ہے

پس پردہ ہو چکی گفتگو کبھی سامنے بھی تو آؤ تم

میں زمیں کو لے کے کروں گا کیا مجھے آسماں کی تلاش ہے

ترا جلوہ میری شراب ہے مری سجدہ گہ ترا آستاں

نہ طلب مجھے مئے و جام کی نہ در مغاں کی تلاش ہے

مجھے ناخدا سے غرض نہیں مجھے خوف موج رواں نہیں

جو لگا دے کشتئ دل کو پار اسی بادباں کی تلاش ہے

کبھی اٹھ کے شعلۂ دل دکھا تو ہی اس غریب کو راستہ

کہ اندھیری رات میں برق کو مرے آشیاں کی تلاش ہے

جو عطا ہو دولت دو جہاں تو کبھی قبول نہ میں کروں

ملے درد عشق ترا مجھے اسی ارمغاں کی تلاش ہے

ہوا جل کے خاک جو آشیاں تو یہ خاک رہ کے کرے گی کیا

غم عارضی ہے عذاب جاں غم جاوداں کی تلاش ہے

تری جو غزل ہے وہ اے ولیؔ ہے خزانہ فکر بلند کا

نہ محاورے کی ہے جستجو نہ تجھے زباں کی تلاش ہے

مزید غزلیں از ولی کاکوروی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں