وحشت کلکتوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
زمیں روئی ہمارے حال پر اور آسماں رویا (غزل)
زمیں روئی ہمارے حال پر اور آسماں رویا
ہماری بیکسی کو دیکھ کر سارا جہاں رویا
میں جب نکلا چمن سے شبنم آسا گلستاں رویا
اداسی چھا گئی ایسی خود آخر باغباں رویا
نہ آیا رحم کچھ بھی آہ دل میں اس ستم گر کے
ہماری جبہہ سائی کے اثر سے آستاں رویا
ہر اک عضو بدن ماتم کناں ہے دل کے جانے سے
ہوا یوسف جو گم تو کارواں کا کارواں رویا
خلل افگن تری بزم طرب میں کون ہو ظالم
ہوا کیا گر ترے کوچے میں کوئی تفتۂ جاں رویا
مرے آنسو تری بیداد کا پردہ نہ کھولیں گے
عبث یہ بد گمانی ہے میں کب رویا کہاں رویا
عدو خوش ہوں تو ہوں اے بے مروت تیری محفل میں
مرا تو حال یہ ہے جب کبھی آیا یہاں رویا
جفائے دشمناں اور بے وفائی ہائے یاراں سے
بہت غم دیدہ ہو کر وحشتؔ آزردہ جاں رویا
دل کے کہنے پہ چلوں عقل کا کہنا نہ کروں (غزل)
دل کے کہنے پہ چلوں عقل کا کہنا نہ کروں
میں اسی سوچ میں ہوں کیا کروں اور کیا نہ کروں
زندگی اپنی کسی طرح بسر کرنا ہے
کیا کروں آہ اگر تیری تمنا نہ کروں
مجلس وعظ میں کیا میری ضرورت ناصح
گھر میں بیٹھا ہوا شغل مے و مینا نہ کروں
مست ہے حال میں دل بے خیر مستقبل
سوچتا ہوں اسے ہشیار کروں یا نہ کروں
کس طرح حسن زباں کی ہو ترقی وحشتؔ
میں اگر خدمت اردوئے معلیٰ نہ کروں