پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

واحد پریمی کی غزلیں — Wahid Premi Ghazals

واحد پریمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

غیر ممکن ہے کہ مٹ جائے صنم کی صورت (غزل)

غیر ممکن ہے کہ مٹ جائے صنم کی صورت

دل کا یہ نقش نہیں نقش قدم کی صورت

رات بیمار پہ بھاری ہے کہیں تار نفس

ٹوٹ جائے نہ ترے قول و قسم کی صورت

مے کشو خوب پیو اتنا مگر ہوش رہے

جام چھلکے نہ کبھی دیدۂ نم کی صورت

ہم سا بد بخت زمانے میں کوئی کیا ہوگا

ہم کو خوشیاں بھی ملیں درد و الم کی صورت

کون ہے جس سے ہمیں پیار کے دو بول ملیں

آج کے لوگ ہیں پتھر کے صنم کی صورت

فکر و احساس کی آنچوں سے پگھل کر واحدؔ

مثل شمشیر ہوئی اپنے قلم کی صورت

اپنا نفس نفس ہے کہ شعلہ کہیں جسے (غزل)

اپنا نفس نفس ہے کہ شعلہ کہیں جسے

وہ زندگی ہے آگ کا دریا کہیں جسے

ہر چند شہر شہر ہے جشن سحر مگر

وہ روشنی کہاں ہے سویرا کہیں جسے

جو چارہ گر تھے وہ بھی ہوئے قاتل حیات

اب کون ہے کہ اپنا مسیحا کہیں جسے

دیوار و در پہ ثبت ہیں نقش و نگار یار

اپنا مکان ہے کہ اجنتا کہیں جسے

اس طرح تابناک ہے وہ سجدہ گاہ شوق

جان حرم کہ جان کلیسا کہیں جسے

واحدؔ تمہیں جو خواہش‌ نام و نمود ہو

وہ شاعری کرو کہ معمہ کہیں جسے

مزید غزلیں از واحد پریمی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں