پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

وحید الدین خاں متین کی غزلیں — Waheeduddin Khan Mateen Ghazals

وحید الدین خاں متین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سرخ رو ہم ہوئے وفا کر کے (غزل)

سرخ رو ہم ہوئے وفا کر کے

یوں ہی تم خوش رہو جفا کر کے

بڑھ گیا اور بھی جنوں اپنا

کچھ نہ حاصل ہوا دوا کر کے

کیا رکھیں ہم امید رہبر سے

چل دیا ہم کو خستہ پا کر کے

خون ہوتا رہا تمنا کا

بے وفا تیرا آسرا کر کے

صبر کر صبر اے دل ناداں

آبرو جائے گی گلا کر کے

آئے تھے چارہ سازیٔ دل کو

جاتے ہیں درد دل سوا کر کے

کیا انہیں مل گئی بقائے دوام

جو ہوئے خوش ہمیں فنا کر کے

آدمی اے متینؔ دنیا میں

قدر کھوتا ہے التجا کر کے

تخیل پر کسی کے چھا رہے ہیں (غزل)

تخیل پر کسی کے چھا رہے ہیں

بہاریں حسن کی دکھلا رہے ہیں

قیامت ہر قدم پر ڈھا رہے ہیں

نیا جادو جگاتے آ رہے ہیں

شباب آیا لئے کیف و مسرت

قدم ان کے بہکتے جا رہے ہیں

نگاہوں میں سرور و کیف و مستی

پیے ہیں اور پلاتے جا رہے ہیں

شباب ان کا سراپا مہر تاباں

نگاہوں کو پسینے آ رہے ہیں

نگاہیں چار ان سے کس طرح ہوں

نظر نیچی کئے وہ آ رہے ہیں

متینؔ ان سے نہیں ممکن تکلم

شباب نو پہ وہ اترا رہے ہیں

مزید غزلیں از وحید الدین خاں متین ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں