پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

وفا صدیقی کی غزلیں — Wafa Siddiqui Ghazals

وفا صدیقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

قرب منزل ٹوٹ جائے حوصلا اچھا نہیں (غزل)

قرب منزل ٹوٹ جائے حوصلا اچھا نہیں

فصل کو پکنے سے پہلے کاٹنا اچھا نہیں

ڈوبنے والے بھی اس کشتی کے کم شاطر نہ تھے

عادتاً کہتے رہے تھے نا خدا اچھا نہیں

غیر کو پہلے پرکھتے مجھ سے پھر منہ موڑتے

جلد بازی میں تمہارا فیصلہ اچھا نہیں

میں تو بازی ہار کر بے فکر ہو کر چل دیا

جیتنے والوں کو چسکا لگ گیا اچھا نہیں

خضر کی میراث کا وہ آج دعویدار ہے

بے چلے کہتا ہے جو کہ راستا اچھا نہیں

راستہ چلتے رہو ورنہ وفاؔ کھو جاؤ گے

اچھے خاصے سلسلے کو توڑنا اچھا نہیں

سارے جہاں کا درد سمیٹے اور خود سے بیگانے لوگ (غزل)

سارے جہاں کا درد سمیٹے اور خود سے بیگانے لوگ

بستی بستی صحرا صحرا پھرتے ہیں دیوانے لوگ

کون سنے گا اپنی کہانی کس سے دل کی بات کہیں

یوں تو اس محفل میں سب ہیں جانے اور پہچانے لوگ

کب تک اپنا خون بہے گا ہوش و خرد کے مقتل میں

کب تک ہم کو سولی دیں گے نگری کے فرزانے لوگ

راہ وفا میں ہم نے وفاؔ جب اپنا سب کچھ وار دیا

تب جا کر اس دشت جنوں میں آئے ہیں سمجھانے لوگ

ایثار کا یہ گلستاں (نظم)

ایثار کا یہ گلستاں

جمہوریت کا پاسباں

امن و اہنسا کا نشاں

باپو کا خوں جس میں رواں

میرا وطن ہندوستاں

میرا چمن جنت نشاں

میرے وطن کے بام و در

یہ روشنیوں کے نگر

یہ جگمگاتی ہر ڈگر

ہنستے ہوئے شام و سحر

یہ بستیاں یہ وادیاں

ہے زندگی جن میں رواں

میرے وطن کی شان ہیں

میرے چمن کی شان ہیں

یہ پیچ و خم کھاتی ہوئی

مستی میں لہراتی ہوئی

جھرنوں سے اٹھلاتی ہوئی

ہنستی ہوئی گاتی ہوئی

یہ جھلملاتی ندیاں

یہ لہلہاتی کھیتیاں

یہ کارخانے یہ ملیں

تعمیر کی یہ منزلیں

یہ دفتروں کی فائلیں

محنت کشوں کی محفلیں

یہ اونچی اونچی چمنیاں

فولاد کی یہ بھٹیاں

یہ ولولے یہ حوصلے

یہ پٹریوں کے سلسلے

ریلوں کے بڑھتے قافلے

گھٹتی ہوئیں یہ دوریاں

بڑھتے ہوئے یہ کارواں

اسکول و کالج مدرسے

علم و ہنر کے سلسلے

تعمیر کے یہ راستے

تہذیب کے یہ قافلے

مٹتی ہوئی بے کاریاں

بڑھتی ہوئی خوش حالیاں

ہر سمت یہ گفتار ہے

ہر سمت یہ للکار ہے

ہر شخص اب بیدار ہے

ہر فرد اب تیار ہے

ہیں دیش کے سب پاسباں

یہ بوڑھے بچے یہ جواں

مزید غزلیں از وفا صدیقی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں