پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

وکاس شرما راز کی غزلیں — Vikas Sharma Raaz Ghazals

وکاس شرما راز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کرب میں قہقہے لگاتا ہوں (غزل)

کرب میں قہقہے لگاتا ہوں

اتنی وحشت کہاں سے لاتا ہوں

دھیان دریا میں پڑ رہے ہیں بھنور

تیرتا ہوں تو ڈوب جاتا ہوں

اٹھ تو آیا ہوں اس کی محفل سے

دیکھیے کتنی دور جاتا ہوں

وہ کہاں یاد کرتا ہے مجھ کو

یہ دیا صرف میں جلاتا ہوں

جست بھرتا ہوں جب تصوّر کی

رت کی دیوار پھاند جاتا ہوں

دھوپ بھی تاک میں ہے سایہ بھی

دیکھیے کس کے ہاتھ آتا ہوں

دل کھنڈر میں کھڑے ہوئے ہیں ہم (غزل)

دل کھنڈر میں کھڑے ہوئے ہیں ہم

بازگشت اپنی سن رہے ہیں ہم

مدتیں ہو گئیں حساب کئے

کیا پتا کتنے رہ گئے ہیں ہم

جب ہمیں سازگار ہے ہی نہیں

جسم کو پہنے کیوں ہوئے ہیں ہم

رفتہ رفتہ قبول ہوں گے اسے

روشنی کے لیے نئے ہیں ہم

وحشتیں لگ گئیں ٹھکانے سب

دشت کو راس آ گئے ہیں ہم

دھن تو آہستہ بج رہی ہے رازؔ

رقص کچھ تیز کر رہے ہیں ہم

مزید غزلیں از وکاس شرما راز ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں