پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

وبھا جین خواب کی غزلیں — Vibha Jain Khwaab Ghazals

وبھا جین خواب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بنا بولے ہی سب کچھ جان جائے (غزل)

بنا بولے ہی سب کچھ جان جائے

وہ کاش آنکھوں کا دکھ پہچان جائے

جسے ٹھکرانے پر یہ جان جائے

اگر اپنا لیں تو ایمان جائے

کوئی ہم سے کرے اتنی محبت

ہمارے جھوٹ بھی سچ مان جائے

اگر امید منزل چھوڑ بیٹھیں

تو ممکن ہے سفر آسان جائے

ہماری زندگی تک ہائے ظالم

تغافل پر ترے قربان جائے

پھر اپنے آپ کے بارے میں سوچیں

جو ذہن و دل سے تیرا دھیان جائے

ہمیں اک بار سینہ سے لگا لو

کہ دل سے درد کا امکان جائے

مسافروں کی طرح رہ گزر میں رہتا ہے (غزل)

مسافروں کی طرح رہ گزر میں رہتا ہے

یہ راستہ بھی مسلسل سفر میں رہتا ہے

ہر ایک کمرے میں آئینہ اس لئے رکھا

لگے کہ کوئی مرے ساتھ گھر میں رہتا ہے

کوئی لگا لے اگر ایک کش اداسی کا

تو پھر وہ عمر بھر اس کے اثر میں رہتا ہے

عجیب حال ہے تجھ سے بچھڑ کے بھی اب تک

یہ دل تجھی سے بچھڑنے کے ڈر میں رہتا ہے

اگر میں جان بھی دے دوں تو کوئی اف نہ کرے

اگر وہ اف بھی کرے تو خبر میں رہتا ہے

مزید غزلیں از وبھا جین خواب ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں