ارملیش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
رشتوں کی بھیڑ میں بھی وہ تنہا کھڑا رہا (غزل)
رشتوں کی بھیڑ میں بھی وہ تنہا کھڑا رہا
ندیاں تھی اس کے پاس وہ پیاسا کھڑا رہا
سب اس کو دیکھ دیکھ کے باہر چلے گئے
وہ آئینہ تھا گھر میں اکیلا کھڑا رہا
اس دور میں اس شخص کی ہمت تو دیکھیے
اپنوں کے بیچ رہ کے بھی زندہ کھڑا رہا
میرے پتا کی عمر سے کم تھی نہ اس کی عمر
وہ گر رہا تھا اور میں ہنستا کھڑا رہا
بارش ہوئی تو لوگ سبھی گھر میں چھپ گئے
وہ گھر کی چھت تھا اس لئے بھیگا کھڑا رہا
اس گھر میں پانچ بیٹے تھے سب تھے الگ الگ
اک باپ بن کے ان کی سمسیا کھڑا رہا
دنیا کو اس نے روشنی بانٹی تمام عمر
لیکن وہ اپنی آگ میں جلتا کھڑا رہا
ہم نہ اردو میں نہ ہندی میں غزل کہتے ہیں (غزل)
ہم نہ اردو میں نہ ہندی میں غزل کہتے ہیں
ہم تو بس آپ کی بولی میں غزل کہتے ہیں
وہ امیری میں غزل کہتے ہیں کہتے ہوں گے
سچے شاعر تو فقیری میں غزل کہتے ہیں
ایسے شاعر بھی غریبی نے کیے ہیں پیدا
لیڈروں کی جو غلامی میں غزل کہتے ہیں
کس کو فرصت ہے جو اب شعر کہے اور سنے
وہی اچھے ہیں جو جلدی میں غزل کہتے ہیں
اب نہ مستی ہے نہ مستی کا سبب بھی کوئی
پھر بھی حیرت ہے وہ مستی میں غزل کہتے ہیں
آنکھیں مطلع ہیں ادھر جن کے ہیں حسن مطلع
اس جوانی کو جوانی میں غزل کہتے ہیں
وہ غزل کہتے ہیں معقول ہوا ملنے پر
ایک ہم ہیں کہ جو آندھی میں غزل کہتے ہیں