پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عمر دراز حاشر کی غزلیں — Umr Daraz Hashir Ghazals

عمر دراز حاشر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جھوٹ کو سچ کے لبادے میں نہیں رکھوں گا (غزل)

جھوٹ کو سچ کے لبادے میں نہیں رکھوں گا

میں کسی شخص کو دھوکے میں نہیں رکھوں گا

میں اگل ڈالوں گا جو کچھ بھی ہے میرے دل میں

تیر پیوست میں سینے میں نہیں رکھوں گا

زندگی تجھ پہ میں لکھوں گا فسانہ اور پھر

کوئی رائے ترے بارے میں نہیں رکھوں گا

اپنے ہی بازو پہ رکھوں گا بھروسہ اب کے

میں دعاؤں کو سفینے میں نہیں رکھوں گا

بانٹ لے جو مری تنہائی مرا غم ایسی

کوئی بھی چیز میں کمرے میں نہیں رکھوں گا

غم ہے یا پھر یہ غم شناسی ہے (غزل)

غم ہے یا پھر یہ غم شناسی ہے

میرے اندر بہت اداسی ہے

بانجھ منظر بھی دیکھ کر خوش ہوں

جانے کیسی یہ بد حواسی ہے

خامشی کا طویل جنگل ہے

اور کہیں دور اک صدا سی ہے

اور کچھ دیر میں نہیں ہوگی

مجھ پہ جو تازگی ذرا سی ہے

میں بھی بندوں سے پیار کرتا ہوں

اک صفت مجھ میں یہ خدا سی ہے

نظم غزلیں فسانے لکھنا بھی

ایک طرح کی بے لباسی ہے

مزید غزلیں از عمر دراز حاشر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں