پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

امید خواجہ کی غزلیں — Ummeed Khwaja Ghazals

امید خواجہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

روٹھنا چاہو تو اب ہرگز منانے کا نہیں (غزل)

روٹھنا چاہو تو اب ہرگز منانے کا نہیں

دل کو مائل کر لیا آنسو بہانے کا نہیں

راستے دھندلا گئے ہیں روشنی والو سنو

وعدہ جلنے کا کیا تھا ٹمٹمانے کا نہیں

کشتیاں منجدھار میں ہیں ناخدا ناراض ہیں

آسمانوں سے کہو بجلی گرانے کا نہیں

کب ڈھلے گی شام غم کب ختم ہوگا ظلم‌ و جبر

زندگی انساں کی ہے عنواں فسانے کا نہیں

لو چلے جاتے ہیں خالی ہاتھ دنیا سے امیدؔ

یاد کر لینا عزیزو بھول جانے کا نہیں

زہر میں بجھتی ہوئی بیل ہے دیوار کے ساتھ (غزل)

زہر میں بجھتی ہوئی بیل ہے دیوار کے ساتھ

جیسے اک نائکہ بیٹھی ہو گنہ گار کے ساتھ

مجھ سے ملنا ہے تو یہ قید نہیں مجھ کو پسند

ہر ملاقات مقید رہے اتوار کے ساتھ

ایک ہی وار میں مرنے سے کہیں بہتر ہے

ایک اک سر وہ جو کٹتا رہے تلوار کے ساتھ

میں نے ہر گام پہ ان لوگوں کو مرتے دیکھا

وہ جو جیتے رہے اس دور میں کردار کے ساتھ

یہ جہاں مفلس و نادار کا ہمدرد ہو کیوں

جس کے ہر کونے پہ تحریر ہے زردار کے ساتھ

کوئی شاعر مرے مرنے کی خبر لایا ہے

ایک سہہ کالمی سرخی لئے اخبار کے ساتھ

جشن خوں ناب ہے مقتل میں مغنی سے کہو

کوئی اک راگ نیا گیت ہو ملہار کے ساتھ

میں بھی اس شہر خموشاں کا ہی ساکن ہوں امیدؔ

جس کی ہر لوح پہ تحریر ہے آزار کے ساتھ

مزید غزلیں از امید خواجہ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں