امید فاضلی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جانے یہ کیسا زہر دلوں میں اتر گیا (غزل)
جانے یہ کیسا زہر دلوں میں اتر گیا
پرچھائیں زندہ رہ گئی انسان مر گیا
بربادیاں تو میرا مقدر ہی تھیں مگر
چہروں سے دوستوں کے ملمع اتر گیا
اے دوپہر کی دھوپ بتا کیا جواب دوں
دیوار پوچھتی ہے کہ سایہ کدھر گیا
اس شہر میں فراش طلب ہے ہر ایک راہ
وہ خوش نصیب تھا جو سلیقے سے مر گیا
کیا کیا نہ اس کو زعم مسیحائی تھا امیدؔ
ہم نے دکھائے زخم تو چہرہ اتر گیا
مقتل جاں سے کہ زنداں سے کہ گھر سے نکلے (غزل)
مقتل جاں سے کہ زنداں سے کہ گھر سے نکلے
ہم تو خوشبو کی طرح نکلے جدھر سے نکلے
گر قیامت یہ نہیں ہے تو قیامت کیا ہے
شہر جلتا رہا اور لوگ نہ گھر سے نکلے
جانے وہ کون سی منزل تھی محبت کی جہاں
میرے آنسو بھی ترے دیدۂ تر سے نکلے
دربدری کا ہمیں طعنہ نہ دے اے چشم غزال
دیکھ وہ خواب کہ جس کے لیے گھر سے نکلے
میرا رہزن ہوا کیا کیا نہ پشیمان کہ جب
اس کے نامے میرے اسباب سفر سے نکلے
بر سر دوش رہے یا سر نیزہ یارب
حق پرستی کا نہ سودا کبھی سر سے نکلے