طفیل ہوشیارپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
من مندر میں پیار کی نرمل جوت جلائے بیٹھے ہیں (غزل)
من مندر میں پیار کی نرمل جوت جلائے بیٹھے ہیں
نین بانورے پی درشن کی آس لگائے بیٹھے ہیں
چندا کے اجیارے رتھ میں جانے پی کب آئیں گے
برہا کے اندھیارے پتھ پر نین بچھائے بیٹھے ہیں
نیل گگن کے رنگ بھون میں ہے اپنے پیتم کا باس
ہم دھرتی پر آشاؤں کی سیج سجائے بیٹھے ہیں
سانسوں کے کومل تاروں میں پھول پرو کر انسوئن کے
ساجن کی پوجا کے کارن ہار بنائے بیٹھے ہیں
پریم کی آگ میں ایسے جل (غزل)
پریم کی آگ میں ایسے جل
ماتھے پر بھی پڑے نہ بل
دکھ اور سکھ کی بات نہ چھیڑ
دکھ سکھ ہے کرموں کا پھل
جیون آخر سپنا ہے
کیا کٹیا کیا شیش محل
پریم کی اگنی میں اک دن
آنسو بھی جاتے ہیں جل
برہا میں بن جاتا ہے
سال سال کا اک اک پل
جو کرنا ہے کر لے آج
آج نہ پھر آئے گی کل
ہونی ہو کر رہتی ہے
سوچ نہ اس کا کوئی حل
پریم کی راہ میں کانٹے ہیں
تو پھولوں سے بھی کومل
میں بن باسی دکھیارا
رک جا میرے ساتھ نہ چل
روپ رنگ پر ناز نہ کر
جائے گا یہ سورج ڈھل
ہونا چاہے تو جو امر
پی لے پریم کا گنگا جل