پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

تشنہ بلگرامی کی غزلیں — Tishna Bilgrami Ghazals

تشنہ بلگرامی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مرے سوال کا یاروں سے کیا جواب ملے (غزل)

مرے سوال کا یاروں سے کیا جواب ملے

ملے جو اہل خرد بھی تو محو خواب ملے

یہ رنگ و بو تو فریب نظر کے جلوے ہیں

مری نگاہ کا دھوکا تھا جو سراب ملے

تلاش حق میں کبھی اس مقام تک پہنچا

کہ گرد راہ میں دیکھا تو آفتاب ملے

مرے تئیں یہ سخاوت ارے معاذ اللہ

سمندروں کی ضرورت ہو اور جناب ملے

قسم خدا کی نہ جاؤں گا سوئے مے خانہ

تری نگاہ سے مجھ کو اگر شراب ملے

نہ جانے کرنے لگے مجھ سے اب وہ کیوں پردہ

ملے ہیں پہلے وہ جب بھی تو بے حجاب ملے

اگر ہے فخر تو ہے اپنی بد نصیبی پر

تلاش خوب کی تھی اور مجھے خراب ملے

تمہارے شہر میں آئے تھے سیر کرنے کو

تمہارے شہر میں مجھ کو بہت عذاب ملے

سنا تھا میں نے کہ باغ و بہار ہیں تشنہؔ

ہجوم یاس کا اک بت بنے جناب ملے

مزید غزلیں از تشنہ بلگرامی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں