پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

تلک راج پارس کی غزلیں — Tilak Raj Paras Ghazals

تلک راج پارس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

گداز ریشمی گفت و شنید ہو مولا (غزل)

گداز ریشمی گفت و شنید ہو مولا

متاع ذہن رسا بھی جدید ہو مولا

اک ایسا بندہ مرے گھر میں پرورش پائے

جو تیری راہ پہ چل کر شہید ہو مولا

جو میرے پاس ہے تاوان ہے سخاوت کا

یہ التفات و عنایت مزید ہو مولا

ہمارے ذہن کو عرفان آگہی دے دے

جو نسل نو کے لئے بھی مفید ہو مولا

یہ بد نمائی نمائش کبھی نہ کر پائے

جو احتجاج کا جذبہ شدید ہو مولا

ہمارے خون کی ہر بوند تیغ بن جائے

نظر کے سامنے جب بھی یزید ہو مولا

قبول ساری عبادت ہو روزہ داروں کی

جو تیری مرضی ہے ویسی ہی عید ہو مولا

اپنے کردار کو الجھن سے بچایا جائے (غزل)

اپنے کردار کو الجھن سے بچایا جائے

اس طرح زیر زباں خود کو چھپایا جائے

ہم کو محدود وسائل میں بسر کرنا ہے

اسی احساس کو ملت میں جگایا جائے

کیا ضروری ہے کہ دشمن سے نمٹنے کے لئے

اپنے دم ساز کو ہی ڈھال بنایا جائے

ایسا کیا ہو گیا بچے بھی چہکنا بھولے

ان کی خوشیوں کے لئے سوانگ رچایا جائے

عشق ایسا کہ بدن نور سے لبریز ہوا

زندگی بھر کو یہی روگ لگایا جائے

جس نے اللہ سے انکار کیا ہے پارسؔ

اس کو شیطان کا ہم زاد بتایا جائے

مزید غزلیں از تلک راج پارس ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں