ترونا مشرا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
عشق کی رسم نبھانا تھی نبھا لی میں نے (غزل)
عشق کی رسم نبھانا تھی نبھا لی میں نے
درد کی بستی بسانا تھی بسا لی میں نے
وہ ضرور آئے گا اک آس لگا لی میں نے
گھر کی ہر چیز قرینے سے سجا لی میں نے
آج پھر چائے بناتے ہوئے وہ یاد آیا
آج پھر چائے میں پتی نہیں ڈالی میں نے
آگ دہکی تو نکلنا پڑا کمرے سے مگر
اس کی تصویر کسی طرح بچا لی میں نے
نام اس کا ہی لیا کرتی ہے وہ شام و سحر
ایک مینا جو بڑے پیار سے پالی میں نے
وہ تو محفل میں ہی اعلان وفا کر دیتا
بات مت پوچھئے پھر کیسے سنبھالی میں نے
گھر کی بنیاد کے پتھر بھی سڑک پر ہوتے
وہ تو اچھا ہوا دیوار بچا لی میں نے
عبادت کے لئے بس رب نہیں ہے (غزل)
عبادت کے لئے بس رب نہیں ہے
محبت سے بڑا مذہب نہیں ہے
میں سورج ہوں مجھے ڈھلنا ہی ہوگا
مرے حصے میں کوئی شب نہیں ہے
جو کہنا چاہتی ہوں تم وہ سمجھو
مری باتوں کا وہ مطلب نہیں ہے
یہ کیسا شہر ہے جاگے ہے شب بھر
یہاں جینے کا کوئی ڈھب نہیں ہے
نظر کیا مل گئی اس کی نظر سے
تمنا دل میں کوئی اب نہیں ہے
بہت مشکل ہے جینا زندگی کا
کلا ہے یہ کوئی کرتب نہیں ہے
جرح میں سب کے سب الجھے ہوئے ہیں
کسی کی بات کا مطلب نہیں ہے