پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

طارق شاہین کی غزلیں — Tariq Shaheen Ghazals

طارق شاہین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بھولے بھالے انسانوں کا نام لکھا (غزل)

بھولے بھالے انسانوں کا نام لکھا

کاغذ پر چنگیز لکھا بہرام لکھا

سب نے رب کا نام لکھا تعویذوں پر

لیکن میں نے اپنی ماں کا نام لکھا

سوتے رہئے دھرتی کی چادر اوڑھے

اپنے حق میں راوی نے آرام لکھا

لوگوں نے کشمیر کی جھیلیں لکھی تھیں

میں نے سلگتا اور جلتا آسام لکھا

میلے ٹھیلے ڈھولک تاشے قوالی

قبروں کی خاموشی پر کہرام لکھا

اکثر میری اندھی آنکھیں پڑھتی ہیں

بہتے ہوئے پانی پر تیرا نام لکھا

آخر اک دن ٹوٹ گیا سونے کا قلم

مٹی نے ہی مٹی کا انجام لکھا

کبھی یہ دار کبھی کربلا سا لگتا ہے (غزل)

کبھی یہ دار کبھی کربلا سا لگتا ہے

مرا وجود کوئی سانحہ سا لگتا ہے

ہر ایک سانس پہ زخموں کا اک ہجوم لئے

مرے لہو میں کوئی دوڑتا سا لگتا ہے

اتر رہا ہے مرے دل میں چیختا سورج

یہ واقعہ تو کسی بد دعا سا لگتا ہے

اسی کو زہر سمجھتے ہیں میرے گھر والے

وہ آدمی جو مجھے دیوتا سا لگتا ہے

بجھا ہی رہنے دو یہ بلب روم بند رکھو

گھنا اندھیرا مجھے دل ربا سا لگتا ہے

نہ جانے کون مجھے چھین لے گیا مجھ سے

اب اپنے آپ میں کوئی خلا سا لگتا ہے

میں ہر سوال کا رکھتا ہوں اک جواب مگر

کوئی سوال کرے تو برا سا لگتا ہے

نہ جانے کون چھپا بیٹھا ہے مرے اندر

جو بولتا ہے تو اکثر خدا سا لگتا ہے

نہ جانے اس سے مرا کس جنم کا رشتہ ہے

برا بھی مجھ کو کہے تو بھلا سا لگتا ہے

مزید غزلیں از طارق شاہین ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں