پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

طارق رامپوری کی غزلیں — Tariq Rampuri Ghazals

طارق رامپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جب تک کہ مجھ کو دل سے پکارا نہیں گیا (غزل)

جب تک کہ مجھ کو دل سے پکارا نہیں گیا

محفل میں اس کی میں بھی دوبارہ نہیں گیا

دروازے پیچھے سسکیاں لیتا رہا کوئی

رخصت کا اب تلک وہ نظارا نہیں گیا

اک اک مدد کے بدلے ہزاروں مدد کریں

احسان پھر بھی اس کا اتارا نہیں گیا

میں لاکھ کام کاج میں مصروف ہوں مگر

وہ شخص ذہن و دل سے اتارا نہیں گیا

وہ ہی زباں میں تلخیاں وہ ہی حسد غرور

انداز اب تلک یہ تمہارا نہیں گیا

طارقؔ ہزار طرح سے کوشش تو کی مگر

اس کے بغیر وقت گزارا نہیں گیا

دشمن کی چال دیکھیے بے کار رہ گئی (غزل)

دشمن کی چال دیکھیے بے کار رہ گئی

سر تو چلا گیا مری دستار رہ گئی

تھا اک مکان بھائی بھتیجوں کو دے دیا

حصے میں صرف اپنے یہ دیوار رہ گئی

تجھ سے بچھڑ کے اور تو سب کچھ ملا مگر

بس زندگی خوشی کی طلب گار رہ گئی

وہ قوم کس طرح سے بھلا جنگجو بنے

جس کا نصیب کوشش یلغار رہ گئی

طارقؔ وہ شخص ہر دفعہ عجلت میں ہی ملا

جو بات مجھ کو کہنی تھی ہر بار رہ گئی

مزید غزلیں از طارق رامپوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں