پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

تنویر سامانی کی غزلیں — Tanveer Samani Ghazals

تنویر سامانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سوچ کا زہر نہ اب شام و سحر دے کوئی (غزل)

سوچ کا زہر نہ اب شام و سحر دے کوئی

عام ہے بے خبری ایسی خبر دے کوئی

سیر آفاق ہو کیوں مشغلۂ فکر و نظر

کاش میرے پر پرواز کتر دے کوئی

دور تک بکھرا ہوا ریت کی صورت ہے وجود

خود کو آواز ادھر دے کہ ادھر دے کوئی

میرے الفاظ نہ کر پائے معانی کو اسیر

کتنے دریاؤں کو اک کوزے میں بھر دے کوئی

منکشف جس سے ہوں اسرار مری ہستی کے

جانے کب مجھ کو وہ عرفان و نظر دے کوئی

احباب ہو گئے ہیں بہت مجھ سے بد گمان (غزل)

احباب ہو گئے ہیں بہت مجھ سے بد گمان

قینچی کی طرح چلنے لگی ہے مری زبان

اک بات میری ان کی توجہ نہ پا سکی

کہتے تھے لوگ ہوتے ہیں دیوار کے بھی کان

کھڑکی کو کھول کر تو کسی روز جھانک لو

خالی ہے آج کل مرے احساس کا مکان

تنہا اداس کمرے میں بیٹھا ہوا تھا میں

اک لفظ نے بکھیر دئے مشک و زعفران

پانی کا رخ بدلنے کو مارے ہاتھ پاؤں

اک آدمی جو خود کو بتاتا رہا چٹان

خود کو سنبھال پائے گا میں کس طرح کہوں

سوکھا درخت تیز ہواؤں کے درمیان

اک دن میں اپنے گھر کے کھلی چھت پہ چڑھ گیا

مجھ کو زمین پر نظر آیا اک آسمان

مزید غزلیں از تنویر سامانی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں