پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

تنویر قاضی کی غزلیں — Tanveer Qazi Ghazals

تنویر قاضی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

پانی بھرتے جاتے ہیں (غزل)

پانی بھرتے جاتے ہیں

درشن کرتے جاتے ہیں

دل میں لگی تصویروں کے

رنگ اترتے جاتے ہیں

خالی مشکیزوں کے ساتھ

آہیں بھرتے جاتے ہیں

دھندلی آنکھوں کے پیچھے

خواب بھی مرتے جاتے ہیں

غزل کی سیڑھی پر چڑھتے

ڈرتے ڈرتے جاتے ہیں

جیسے پیاز کے چھلکے ہوں

بھید اترتے جاتے ہیں

اشک اگربتی اور پھول

قبر پہ دھرتے جاتے ہیں

ایک الاؤ جلتا تھا (غزل)

ایک الاؤ جلتا تھا

قصہ آنکھیں ملتا تھا

اک آسیب سا تھا کوئی

جس کا سکہ چلتا تھا

اس کے روشن چہرے سے

کالا جادو ٹلتا تھا

دل کی کنج کہانی میں

سانپ سنہری پلتا تھا

چھلنی تھے سب مشکیزے

خیمہ خیمہ جلتا تھا

گونج کہیں روتی تھی اور

رات کا ڈیرا ڈھلتا تھا

نیندوں کی ڈھلوانوں سے

ایک ہی خواب پھسلتا تھا

سرخ سکڑتے ہونٹوں پر

کوئی حرف پگھلتا تھا

سارے شہر میں ڈر تنویرؔ

پاؤں پاؤں چلتا تھا

مزید غزلیں از تنویر قاضی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں