پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

تمکین الرحمٰن کی غزلیں — Tamkinur Rahman Ghazals

تمکین الرحمٰن کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

شعر و سخن کا یہ گلدستہ تیرے نام (غزل)

شعر و سخن کا یہ گلدستہ تیرے نام

خون جگر کا یہ نذرانہ تیرے نام

منزل منزل دھوپ کی چادر پھیلی سی

یادوں کا یہ ٹھنڈا سایہ تیرے نام

موسم گل کا کیف مہکتی سبز فضا

میری بہاروں کا یہ تحفہ تیرے نام

دل کے اک تارے پر جس کو گایا تھا

وہ پر سوز ادھورا نغمہ تیرے نام

تیرے ساتھ جو لمحے گزرے خواب ہوئے

ماضی کا ہر خواب سنہرا تیرے نام

دنیا کے پر شور سمندر میں لکھ دوں

خاموشی کا ایک جزیرہ تیرے نام

لفظوں کے زہراب میں ڈوبی کچھ یادیں

یہ تمکینؔ کا کل سرمایہ تیرے نام

میں اپنے جسم سے باہر کھڑا ہوں (غزل)

میں اپنے جسم سے باہر کھڑا ہوں

خود اپنے آپ ہی کو ڈھونڈھتا ہوں

میں کس کی گونج ہوں کس کی صدا ہوں

یہ اکثر سوچتا ہوں میں کہ کیا ہوں

میں سنگ راہ ہوں یا نقش پا ہوں

کئی پیروں تلے روندا گیا ہوں

بہت پیاسا ہوں ساحل پہ کھڑا ہوں

نگاہوں سے سمندر ناپتا ہوں

سکھاتی ہے پروں کو دھوپ جس پر

میں وہ اک زرد پتا بن گیا ہوں

پہن کر لفظ و معنی کے لبادے

بہت دن سے کتابوں میں پڑا ہوں

کئی چہرے نظر آتے ہیں جس میں

میں وہ ٹوٹا ہوا سا آئنہ ہوں

ہر اک شے نیند میں ڈوبی ہوئی ہے

بس اک میں ہی یہاں پر جاگتا ہوں

مزید غزلیں از تمکین الرحمٰن ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں