پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

تمیزالدین تمیز دہلوی کی غزلیں — Tameezuddin Tameez Dehlvi Ghazals

تمیزالدین تمیز دہلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

انتظار کی حد تک انتظار کرنا تھا (غزل)

انتظار کی حد تک انتظار کرنا تھا

اعتبار کی حد تک اعتبار کرنا تھا

حال دل تو کہنا تھا مختصر مگر قاصد

اختصار کی حد تک اختصار کرنا تھا

خواب ہو کہ بیداری آہ و نالہ و زاری

اختیار کی حد تک اختیار کرنا تھا

اس نے حسب آسائش کی عدو کو فہمائش

خاکسار کی حد تک خاکسار کرنا تھا

نعش بھی مری اس نے قبر میں نہ رہنے دی

بے دیار کی حد تک بے دیار کرنا تھا

یاس ہو کہ سرمستی چاک جامۂ ہستی

تار تار کی حد تک تار تار کرنا تھا

اے تمیزؔ یاروں پر ناتواں سہاروں پر

انحصار کی حد تک انحصار کرنا تھا

ہم نے مانا کہ تغافل تیری عادت ہے ضرور (غزل)

ہم نے مانا کہ تغافل تیری عادت ہے ضرور

تیری افتاد میں شوخی و شرارت ہے ضرور

یوں تو اس نے کیا اظہار ندامت ہے ضرور

ایسا لگتا ہے کوئی اس میں شرارت ہے ضرور

غیر سے سن کے مرا حال تأسف سے کہا

جو یہ سچ ہے تو بری چیز محبت ہے ضرور

واقعہ یہ ہے کہ انسان ہے مجبور محض

سانحہ یہ ہے کہ مختار کہاوت ہے ضرور

بادہ خواروں میں کوئی بات تو ہے اے ساقی

ان کے دم سے ترے میخانے کی زینت ہے ضرور