پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

طالب محمود کی غزلیں — Talib Mahmud Ghazals

طالب محمود کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

امید ان کی کم ہی سہی آرزو تو ہے (غزل)

امید ان کی کم ہی سہی آرزو تو ہے

منزل ہمیں ملے نہ ملے جستجو تو ہے

امرت کی آرزو نے کہو تم کو کیا دیا

ہم لوگ زہر نوش سہی آبرو تو ہے

دنیا میں ہم کچھ ایسے تہی دست بھی نہیں

اجداد کا ہماری رگوں میں لہو تو ہے

احباب کو تو مصلحت اندیشیوں سے کام

آئینہ صاف گو ہی سہی روبرو تو ہے

دیوانہ پا شکستہ و شوریدہ سر سہی

لیکن بپاس حسن وفا سرخ رو تو ہے

اے دوست آج کیوں ہیں یہ وحشت نوازیاں

ہاں ہم نہیں ہیں صاحب ادراک تو تو ہے

طالبؔ یہ کیا ضرور کہ ہو ذکر خیر ہی

یاروں کے درمیان تری گفتگو تو ہے

سفر طویل ہے بار حیات کم کر لو (غزل)

سفر طویل ہے بار حیات کم کر لو

جو ہو سکے تو مجھے بھی شریک غم کر لو

کسی کا ذکر تو آئے تمہارے نام کے ساتھ

ورق حیات کا سادہ ہے کچھ رقم کر لو

اگر یہ شوق کہ دنیا تمہیں سلامی دے

تو پہلے اپنے لیے خود کو محترم کر لو

جو منحصر ہے لہو پر چمن کی زرخیزی

تو پھر ہمارے لہو سے یہ خاک نم کر لو

دوئی کا کرب بڑا جاں گداز ہوتا ہے

تم اپنی ذات میں مجھ کو ابھی سے ضم کر لو

دلوں میں فاصلے پیدا ہوئے ہیں نفرت سے

بہ نام مہر و وفا فاصلوں کو کم کر لو

مزاحمت سے نہ پہنچے گا کوئی فیض تمہیں

کٹا لو گردنیں یا پھر سروں کو خم کر لو

نہ ہوگی ہم سے پرستش ابھرتے سورج کی

اب اختیار ہے تم کو کہ سر قلم کر لو

سبک خرام ہیں کتنے ہی راہ میں طالبؔ

بچھڑ نہ جائے کوئی سب کو ہم قدم کر لو

مزید غزلیں از طالب محمود ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں