طالب جے پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
درد دل پیدا کریں یا درد سر پیدا کریں (غزل)
درد دل پیدا کریں یا درد سر پیدا کریں
میری باتیں جانے ان پر کیا اثر پیدا کریں
زندگی ان کی ہے جو گلشن میں اپنے واسطے
آشیاں با وصف صد برق و شرر پیدا کریں
آئیے ہم رہبر و رہزن سے ہو کر بے نیاز
منزل مقصود تک خود رہ گزر پیدا کریں
آ کہ پھر دے کر پیام نو مذاق دید کو
ہر نظر میں ایک دنیائے دگر پیدا کریں
کھل ہی جائے گی حقیقت عالم اضداد کی
دیدۂ دل امتیاز خیر و شر پیدا کریں
ان کو پا کر خود کو کھو دینا تو ہے اک عام بات
ان کو پا کر خود کو پانے کا ہنر پیدا کریں
آہ بے تاثیر میں طالبؔ اثر آ جائے گا
درد دل پیدا کریں درد جگر پیدا کریں
پریشان حال دامن دھجیاں صورت فقیرانہ (غزل)
پریشان حال دامن دھجیاں صورت فقیرانہ
یہ تیرا طالب ناشاد ہے یا کوئی دیوانہ
نہ ہو کچھ اور تو اتنی ہی نسبت تجھ سے ہو جائے
جدھر جاؤں زمانہ مجھ کو سمجھے تیرا دیوانہ
کوئی تو بات ہے جو شمع کے آنسو نہیں تھمتے
ابھی کیا کہتے کہتے ہو گیا خاموش پروانہ
ہزاروں حسرتیں آباد ہیں لاکھوں تمنائیں
اسی دل میں بظاہر جو نظر آتا ہے ویرانہ
پلا دے میکدہ بر دوش آنکھوں سے مجھے ساقی
اٹھا لے میرے آگے سے یہ شیشہ اور پیمانہ
مری روداد غم کی اللہ اللہ یہ ہمہ گیری
سمجھتا ہے اسے ہر سننے والا اپنا افسانہ
محبت کی نہ ہو گر کار فرمائی تو دنیا میں
ہجوم بلبل و گل ہو نہ بزم شمع و پروانہ
جناب ناصح مشفق ہیں کچھ کھوئے ہوئے طالبؔ
کسی کافر کو شاید دیکھ آئے بے حجابانہ