پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

طالب حسین طالب کی غزلیں — Talib Husain Talib Ghazals

طالب حسین طالب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

عمر بھر ایک ہی کردار سے ڈر لگتا ہے (غزل)

عمر بھر ایک ہی کردار سے ڈر لگتا ہے

آدمی ہوں مجھے تکرار سے ڈر لگتا ہے

آنکھ تھک جاتی ہے چہروں کا تعاقب کرتے

تیز چلتا ہوں تو رفتار سے ڈر لگتا ہے

چوکھٹے بیچنے والے تری کن رس آواز

کھینچ بھی لائے تو بازار سے ڈر لگتا ہے

پھر کوئی زخم کہ کچھ دن ہمیں پر کار رکھے

عشق کو فرصت بیکار سے ڈر لگتا ہے

کون کس وقت بدل جائے خدا جانتا ہے

خلق اور خلق کے معیار سے ڈر لگتا ہے

دل ہے ملبے سے چرایا ہوا زیور طالبؔ

بک بھی جائے تو خریدار سے ڈر لگتا ہے

غبار وقت میں بے رنگ و بو پڑا ہوا میں (غزل)

غبار وقت میں بے رنگ و بو پڑا ہوا میں

کھڑا ہوں عرصۂ آفاق میں تھکا ہوا میں

تری نگاہ نگارش طلب کو کیا معلوم

کہ حرف و صوت سے گزرا تو کیا سے کیا ہوا میں

نجوم بجھتے ہوئے کہہ رہے ہیں صبح بخیر

مگر وہ پلکیں اور ان میں کہیں جڑا ہوا میں

یہ دیکھنے کو کہ فطرت کہاں بدلتی ہے

وہ روٹھنے ہی لگا تھا کہ بے وفا ہوا میں

لباس شاعری کرتا ہے حسن قامت پر

یہ بے سبب تو نہیں آئنہ بنا ہوا میں

ہوائے صبح وطن اک ذرا کمک کہ کہیں

دکھائی دوں لب احباب پر کھلا ہوا میں

یہ دل ورق ہے کسی گمشدہ صحیفے کا

سو کیا پڑھوں خط تنسیخ سے بھرا ہوا میں

حساب دوست دل دوست میں رہا طالبؔ

پھر استعاروں کنایوں میں خرچ سا ہوا میں

مزید غزلیں از طالب حسین طالب ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں