پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

طالب انصاری کی غزلیں — Talib Ansari Ghazals

طالب انصاری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ کار بے ثمر ہے اگر کر لیا تو کیا (غزل)

یہ کار بے ثمر ہے اگر کر لیا تو کیا

اک دائرے میں ہم نے سفر کر لیا تو کیا

دنیا سے میں نے بھی کوئی رغبت نہیں رکھی

اس نے بھی مجھ سے صرف نظر کر لیا تو کیا

خوشبو کبھی گرفت میں آئی نہ آئے گی

پھولوں کو تو نے زیر اثر کر لیا تو کیا

ڈھیروں ستارے اب بھی ترے آس پاس ہیں

میں نے پسند ایک شرر کر لیا تو کیا

دل سے گئی نہ مسند و اسناد کی ہوس

پیہم طواف شہر ہنر کر لیا تو کیا

طالبؔ نشیب شب سے گزر کر دکھا مجھے

طے ہفت خوان بام سحر کر لیا تو کیا

تری آرزو (نظم)

تری آرزو

جسے میں نے سب سے الگ رکھا

اسے دل کے نرم غلاف سے

کبھی جھانکنے بھی نہیں دیا

کہ یہ خواہشوں کے ہجوم میں

کہیں اپنی قدر گنوا نہ دے

تری چھوٹی چھوٹی نشانیوں کو

بڑے قرینے سے پوٹلی میں لپیٹ کر

کبھی کوٹھری میں چھپا دیا

کبھی ٹانڈ پر رکھے دیگچے میں گرا دیا

کہ پرے پرے رہیں چشم چرخ کبود سے

کبھی زیر لب ترا نام بھی

کہیں لے لیا

تو تمام شب اسی وسوسے میں گزر گئی

کہ خموشیوں میں ڈھلا ہوا یہ سرود غم

کسی کم شناس نے سن لیا

تو نہ بچ سکے گا وقار حرمت

اسی احتیاط میں کٹ گئی ہے مری حیات کی دوپہر

مرے چارہ گر تجھے کیا خبر

مجھے آج بھی تری لاج کا وہی پہلے جیسا خیال ہے

نہ تو فکر شام فراق ہے

نہ امید‌ صبح وصال ہے

مزید غزلیں از طالب انصاری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں