پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

طاہر تلہری کی غزلیں — Tahir Tilhari Ghazals

طاہر تلہری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کوئی دیکھے تو یہ انداز ستانے والا (غزل)

کوئی دیکھے تو یہ انداز ستانے والا

مجھ سے غافل ہے مرے خواب میں آنے والا

بعض اوقات یہ دیکھا ہے تری گلیوں میں

راستہ بھول گیا راہ بتانے والا

درس عبرت مرا انجام ہے دنیا کے لیے

اب تری باتوں میں کوئی نہیں آنے والا

گمرہی کا مجھے احساس دلا دیتا ہے

بعض اوقات کوئی ٹھوکریں کھانے والا

میٹھی میٹھی سی مرے دل میں کسک چھوڑ گیا

خلوت ذہن میں چپکے سے در آنے والا

گھر میں یہ جشن چراغاں کا سماں کیا معنی

اس خرابے میں بھلا کون ہے آنے والا

اپنے اعمال و عقائد کو پرکھتے رہئے

اب کوئی اور پیمبر نہیں آنے والا

کیا کہوں کون ہے موضوع سخن اے طاہرؔ

ایک کردار تراشا ہے فسانے والا

تیرے باعث مسئلہ حل ہو گیا (غزل)

تیرے باعث مسئلہ حل ہو گیا

میں ادھورا تھا مکمل ہو گیا

جان دی اس نے میں پاگل ہو گیا

اور افسانہ مکمل ہو گیا

مجھ کو لے کر ریل آگے بڑھ گئی

اور گیلا اس کا آنچل ہو گیا

یہ سمندر کس قدر تھا پر سکوں

چاند کو دیکھا تو پاگل ہو گیا

اب مری اچھائیاں بھی عیب ہیں

اب مرا سونا بھی پیتل ہو گیا

ہر طرف ہنگامہ ہائے دار و گیر

کیا یہ سارا شہر پاگل ہو گیا

ذہن میں اتری تھی یادوں کی برات

رات پھر جنگل میں منگل ہو گیا

ایک افسانہ ادھورا ہے ابھی

ایک افسانہ مکمل ہو گیا

خشک دریاؤں میں خاک اڑنے لگی

اور صحراؤں میں جل تھل ہو گیا

مزید غزلیں از طاہر تلہری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں