پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

تفضیل تابش کی غزلیں — Tafzeel Tabish Ghazals

تفضیل تابش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

شبنم شبنم پلکیں تھیں اور سرخی تھی رخساروں پر (غزل)

شبنم شبنم پلکیں تھیں اور سرخی تھی رخساروں پر

پھول سمجھ کر میں نے اپنے ہونٹ رکھے انگاروں پر

شہروں شہروں امن اماں کا درس جو دیتے پھرتے ہیں

معصوموں کے خون کے چھینٹے ہیں ان کی دستاروں پر

ایسا لگتا ہے اب روٹی نیل گگن سے اترے گی

بھوکے بچے کی نظریں ہیں روشن چاند ستاروں پر

اس نے اپنی جنت کا اک خاکہ ہے تیار کیا

جس نے دلکش نقش اتارے مسجد کے میناروں پر

جیسے تمہارے خوابوں کی ہے ان ہی میں تعبیر لکھی

صبح ہوئی اور تابشؔ تم تو ٹوٹ پڑے اخباروں پر

اجنبی ہر ذہن ہے ہر اک نظر انجان ہے (غزل)

اجنبی ہر ذہن ہے ہر اک نظر انجان ہے

کس قدر روٹھا ہوا انسان سے انسان ہے

بانٹ لے غم کو خوشی کو رنج کو تکلیف کو

درد مند انسان کی بس اک یہی پہچان ہے

کس قدر افسوس کی ہے بات ہم سب ہیں جدا

اپنا رہبر اپنی منزل جب کہ اک قرآن ہے

بے بسی بے چارگی مجبوریاں خودداریاں

چند روزہ زندگی کا اپنی یہ سامان ہے

آزما لے حق ہے تجھ کو جب بھی جی چاہے مجھے

زندگی تجھ پر مری ہر سانس اب قربان ہے

ہاتھ پھیلاتا نہیں تابشؔ کسی کے سامنے

دینے والا بس خدا ہے اپنا یہ ایمان ہے

مزید غزلیں از تفضیل تابش ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں