پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

تابش ریحان کی غزلیں — Tabish Raihan Ghazals

تابش ریحان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

پیار کا دشمن سارا زمانہ کل بھی تھا اور آج بھی ہے (غزل)

پیار کا دشمن سارا زمانہ کل بھی تھا اور آج بھی ہے

دیوانوں کا مشکل جینا کل بھی تھا اور آج بھی ہے

دنیا بدلی موسم بدلا لیکن میرا یار نہیں

اس کے دل پر میرا قبضہ کل بھی تھا اور آج بھی ہے

ہر مشکل حالت میں دی ہے میں نے فقط آواز تجھے

سب سے زیادہ تجھ پہ بھروسہ کل بھی تھا اور آج بھی ہے

مجھ کو کبھی جھلسا نہ سکی یہ تنہائی اور غم کی دھوپ

مجھ پر تیرے پیار کا سایہ کل بھی تھا اور آج بھی ہے

مجھ سے جدا ہو جانے والے تجھ کو کہاں میں بھول سکا

میرے دل میں تیرا ٹھکانہ کل بھی تھا اور آج بھی ہے

پیار کے دشمن دنیا سے ناپید ہوئے کب کے لیکن

پیار کے متوالوں کا چرچا کل بھی تھا اور آج بھی ہے

خوشیوں کے جو پھول کھلے وہ پل دو پل میں مرجھائے

میرا مقدر تپتا صحرا کل بھی تھا اور آج بھی ہے

کون یہ کہتا ہے وہ مجھ کو اور میں اس کو بھول گیا

اک دوجے سے اپنا رشتہ کل بھی تھا اور آج بھی ہے

میری اجازت کی کیا حاجت جب جی چاہے آ جانا

تجھ پہ کھلا دل کا دروازہ کل بھی تھا اور آج بھی ہے

پیار کے دو متوالوں کو کر دینا برباد اور تباہ

تابشؔ یہ دستور زمانہ کل بھی تھا اور آج بھی ہے

ہم نہ کہیں گے خود ہی بتاؤ کیا یہ اچھا کرتے ہو (غزل)

ہم نہ کہیں گے خود ہی بتاؤ کیا یہ اچھا کرتے ہو

پھول سے نازک جسم کے اندر پتھر سا دل رکھتے ہو

تم سے بچھڑ کر مر جاؤں گا یا پاگل ہو جاؤں گا

مجھ سے جدا ہو کر تم بھی آرام سے کب رہ سکتے ہو

ایک سے بڑھ کر ایک حسیں ہیں چہرے اور بھی دنیا میں

آخر مجھ کو اک تم ہی کیوں سب سے اچھے لگتے ہو

چلتے ہو تو باد صبا بھی ساتھ تمہارے چلتی ہے

پھول برستے ہیں ہونٹوں سے جب تم باتیں کرتے ہو

اک میں ہوں جو غم میں تمہارے خون کے آنسو روتا ہوں

اک تم ہو جو مجھ کو پاگل جان کے مجھ پر ہنستے ہو

آپ ہی آپ کھنچا جاتا ہے دل کمبخت تمہاری اور

آخر مجھ پر او جادوگر کیا جادو کر بیٹھے ہو

میں ہوں اک بد نام زمانہ دیکھو میرے ساتھ نہ آؤ

ہو جاؤ گے مفت میں رسوا کیوں نادانی کرتے ہو

لگتا ہے تم نے بھی کہیں پر زخم محبت کھایا ہے

تب ہی تو اتنے گم سم اور کھوئے کھوئے رہتے ہو

تابشؔ یہ کیا پاگل پن ہے یاد میں اک ہرجائی کے

ساری دنیا سوئی ہے تم بیٹھے تارے گنتے ہو

مزید غزلیں از تابش ریحان ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں