پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

تابندہ سحر عابدی کی غزلیں — Tabinda Sahar Abidi Ghazals

تابندہ سحر عابدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سنو مرا خیال ہے (غزل)

سنو مرا خیال ہے

یہ زندگی وبال ہے

عجیب بے رخی سی ہے

بڑا خراب حال ہے

نہ گفتگو میں شوخیاں

نہ سر رہا نہ تال ہے

کبھی خدا کبھی صنم

یہ کیسا گول مال ہے

محبتوں کی آڑ میں

ہوس کا ایک جال ہے

بہار ہے گریز پا

دلوں کا خستہ حال ہے

گنوا دیا ہے سوز دل

کہ پتھروں سا حال ہے

زمانہ بے مثال تھا

زمانہ بے مثال ہے

کسی کی چاہ میں سحرؔ

عروج بھی زوال ہے

عشق قصداً کیا نہیں جاتا (غزل)

عشق قصداً کیا نہیں جاتا

دل بھی قصداً دیا نہیں جاتا

ہم نے آب حیات جانا تھا

یہ ہلاہل پیا نہیں جاتا

جسم زنداں میں روح قیدی ہے

اس گھٹن میں جیا نہیں جاتا

سانس لینے میں بھی تھکن ہے اب

زخم دل اب سیا نہیں جاتا

ہے گلا دل خراش چیخوں سے

ماتم دل کیا نہیں جاتا

کیسے لفظوں میں غم نظر آئے

خاکۂ غم لکھا نہیں جاتا

سحرؔ آنکھوں میں ہے وہ طغیانی

یہ سمندر پیا نہیں جاتا

مزید غزلیں از تابندہ سحر عابدی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں