تبسم صدیقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یہ جو تم دیکھ رہے ہو خس و خاشاک پہ خاک (غزل)
یہ جو تم دیکھ رہے ہو خس و خاشاک پہ خاک
اس سے بڑھ کر ہے مری خواہش صد چاک پہ خاک
گر کوئی خواب نہیں ہے مری آنکھوں میں تو پھر
میرے سامان پہ حسرت مری املاک پہ خاک
میں نے اڑنے ہی نہیں دی ہے رہ عشق میں گرد
میں نے پڑنے ہی نہیں دی تری پوشاک پہ خاک
نسبت خاک پہ شرمندگی کیوں ہو مجھ کو
دستکیں دیتی ہے جا کر در لولاک پہ خاک
یہ جو تخصیص زن و مرد ہے یہ وہم ہے بس
تم مجھے دیکھنا جب پہنچے مری چاک پہ خاک
یہ جو ہے آدمی کا عزم سفر اس کے طفیل
نظر آئے گی کسی دن رہ افلاک پہ خاک
یوں بھی تم کیا ہو فقط خاک تبسمؔ بی بی
اور پھر بیٹھنی ہے آ کے کل اس خاک پہ خاک
یہ جو ہم اختلاف کرتے ہیں (غزل)
یہ جو ہم اختلاف کرتے ہیں
آپ کا اعتراف کرتے ہیں
آؤ دھوتے ہیں دل کے داغوں کو
آؤ آئینے صاف کرتے ہیں
تم کو خوش دیکھنے کی خاطر ہم
بات اپنے خلاف کرتے ہیں
مجرم عشق تو بھی ہے اے دوست
جا تجھے ہم معاف کرتے ہیں
لفظ کے گھاؤ ہوں تو کیسے بھریں
لفظ گہرا شگاف کرتے ہیں