پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

تبسم اعظمی کی غزلیں — Tabassum Azmi Ghazals

تبسم اعظمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ بھی نہیں کہ ہم نے بھروسا کیا نہ ہو (غزل)

یہ بھی نہیں کہ ہم نے بھروسا کیا نہ ہو

یہ بھی نہیں کہ آنکھ سے پردہ ہٹا نہ ہو

یہ بھی نہیں کہ آپ سمجھ پائیں دل کی بات

یہ بھی نہیں کہ آپ کو کچھ بھی پتا نہ ہو

یہ بھی نہیں کہ سب پہ زمانہ ہو مہرباں

یہ بھی نہیں کسی سے زمانہ خفا نہ ہو

یہ بھی نہیں کہ آنکھ ہے در پر لگی ہوئی

یہ بھی نہیں کہ دل کو کوئی آسرا نہ ہو

یہ بھی نہیں کہ ضبط سے گزرے نہیں کبھی

یہ بھی نہیں کہ آنکھ سے آنسو بہا نہ ہو

یہ بھی نہیں کہ یاس کے بادل جمے رہے

یہ بھی نہیں کہ آس کا سورج اگا نہ ہو

یہ بھی نہیں کہ وعدے نباہے گئے ہوں سب

یہ بھی نہیں کہ کوئی بھی وعدہ وفا نہ ہو

باتوں باتوں میں بڑے ہی پیار سے چھڑکا نمک (غزل)

باتوں باتوں میں بڑے ہی پیار سے چھڑکا نمک

زخم دشمن کی عطا احباب کا تحفہ نمک

موسم غم میں سدا ہوتا رہا پیدا نمک

جزر و مد دل میں اٹھے اور آنکھ سے برسا نمک

ضبط جب بھی ٹوٹنے کی حد تلک بڑھنے لگا

حلق میں گولے کی صورت بارہا اٹکا نمک

بھول بیٹھے ہیں نمک کا پاس رکھنا لوگ اب

جس طرف بھی دیکھیے ہے اس طرف بکھرا نمک

ہم نہ کہتے تھے منافق سے نہ کریے دوستی

کر دیا آخر کو اس نے آپ کا رسوا نمک

خود پہ جب بیتی تو غالبؔ کا کہا یاد آ گیا

زخم سے گرتا تو میں پلکوں سے چنتا تھا نمک

بڑھاتی ہوں قدم (نظم)

بڑھاتی ہوں قدم

فوراً ہی پیچھے کھینچ لیتی ہوں

یہ اندیشہ مجھے آگے کبھی بڑھنے نہیں دیتا

نہ جانے لوگ کیا سوچیں

نہ جانے لوگ کیا بولیں

اسی اک خوف کے گھیرے میں جیتی اور مرتی ہوں

مگر کب تک

تشخص کے لیے اپنی ضروری ہو گیا ہے اب

اٹھوں اور کاٹ دوں ایک ایک کر کے بیڑیاں ساری

بغاوت کر دوں دنیا کی

سبھی فرسودہ رسموں سے

ہر اک دستور بے جا سے

خدا نے جب کسی سے میرا رتبہ کم نہیں رکھا

تو کس نے حق دیا ان کو

مجھے زنجیر پہنائیں

زباں کھولوں جو اپنے واسطے تالا لگا جائیں

مجھے معلوم ہے میری مقرر حد کہاں تک ہے

مجھے ہے پاس اپنی حرمت و قدر و روایت کا

وفا ناموس و عفت کا شرافت اور عظمت کا

کہ یہ اقدار میرے پاؤں کی بیڑی نہیں ہرگز

انہیں اقدار کے ہم راہ مجھ کو آگے بڑھنا ہے

ملا ہے حق مجھے بھی

وقت کے ہم راہ چلنے کا

خود اپنے خواب بننے کا

انہیں تعبیر دینے کا

یہ دنیا میرے ہاتھوں سے قلم جو چھین لیتی ہے

ہمیشہ چولھے چوکے تک ہی بس محدود رکھتی ہے

اسے شاید یہی خدشہ ستاتا رہتا ہے ہر دم

مری یہ آگہی مجھ کو نئی پہچان دے دے گی

مزید غزلیں از تبسم اعظمی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں