پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

تبسم انوار کی غزلیں — Tabassum Anwar Ghazals

تبسم انوار کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ چیخیں یہ آہ و بکا کس لیے ہے (غزل)

یہ چیخیں یہ آہ و بکا کس لیے ہے

مرے شہر کی یہ فضا کس لیے ہے

بتا زندہ درگور ہے آدمی کیوں

بتا آسماں پر خدا کس لیے ہے

ہیں مسلے ہوئے شاخ در شاخ گل کیوں

چمن در چمن سانحہ کس لیے ہے

اکیلا دیا رہ گزر کا بجھا کر

پشیماں بہت اب ہوا کس لیے ہے

جو تم سامنے آئے تو میں نے جانا

کہ منظر نے بدلی قبا کس لیے ہے

نہ تزئین گل ہے نہ پیغام خوشبو

گلستاں میں چلتی صبا کس لیے ہے

مجھے زندگی میں دیا تھا جہنم

تو اب روز محشر سزا کس لیے ہے

یہ طے ہے یہاں کوئی در کب کھلے گا

اے درویش دیتا دعا کس لیے ہے

مرے چارہ گر تو نے وعدہ کیا تھا

تو پھر دل کا گھاؤ بھرا کس لیے ہے

بہ نام سزا جب ملا ہے یہ جیون

تو جینے میں اتنا مزا کس لیے ہے

کسی کی بھی جب منتظر میں نہیں ہوں

تو در میرا آخر کھلا کس لیے ہے

دعاؤں میں میری اثر آ گیا کیا

وہ یوں جاتے جاتے رکا کس لیے ہے

تبسمؔ ہو کیسے یہ عقدہ کشائی

بقا کس کی خاطر فنا کس لیے ہے

آنکھوں میں لے کے یاس مجھے دیکھنے تو دے (غزل)

آنکھوں میں لے کے یاس مجھے دیکھنے تو دے

کون آ رہا ہے پاس مجھے دیکھنے تو دے

دیکھے گا کون خاک میں جوہر چھپے ہوئے

اے شہر نا شناس مجھے دیکھنے تو دے

یہ کون محو رقص ہے یوں آبلوں کے ساتھ

دشت آیا کس کو راس مجھے دیکھنے تو دے

لب کھولتا نہیں نہ سہی آنکھ تو ملا

تو خوش ہے یا اداس مجھے دیکھنے تو دے

لاشوں میں ایک لاش سے اٹھنے لگی ہے کیوں

پھولوں کے جیسی باس مجھے دیکھنے تو دے

میں ڈوب تو رہی ہوں مگر جانب کنار

جب تک بندھی ہے آس مجھے دیکھنے تو دے

کیا ہے خمار حسن سے بڑھ کر کوئی نشہ

یہ مے ہے یہ گلاس مجھے دیکھنے تو دے

پھر کون رو رہا ہے کنارے فرات کے

ہونٹوں پہ لے کے پیاس مجھے دیکھنے تو دے

یوں تو جہاں شناس تبسمؔ ہر ایک ہے

ہے کوئی خود شناس مجھے دیکھنے تو دے

مزید غزلیں از تبسم انوار ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں