پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

تاب اسلم کی غزلیں — Tab Aslam Ghazals

تاب اسلم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کوئی بھی نقش سلامت نہیں ہے چہرے کا (غزل)

کوئی بھی نقش سلامت نہیں ہے چہرے کا

بدل گیا ہے کچھ ایسا چلن زمانے کا

میں کس لیے تجھے الزام بے وفائی دوں

کہ میں تو آپ ہی پتھر ہوں اپنے رستے کا

کوئی ہے رنگ کوئی روشنی کوئی خوشبو

جدا جدا ہے تأثر ہر ایک لمحے کا

وہ تیرگی ہے مسلط کہ آسمانوں پر

سراغ تک نہیں ملتا کسی ستارے کا

غضب تو یہ ہے مقابل کھڑا ہے وہ میرے

کہ جس سے میرا تعلق ہے خوں کے رشتے کا

تنا ہوا ہے وہاں آج خیمۂ خورشید

اگا ہوا تھا جہاں کل درخت سائے کا

وہ جا چکا ہے روپہلی رتوں کے ساتھ مگر

بھڑک رہا ہے ابھی تک چراغ سینے کا

گزر رہے ہیں یہ کس پل صراط سے ہم لوگ

کہ دل میں تابؔ گماں تک نہیں ہے جینے کا

منزلوں اس کو آواز دیتے رہے منزلوں جس کی کوئی خبر بھی نہ تھی (غزل)

منزلوں اس کو آواز دیتے رہے منزلوں جس کی کوئی خبر بھی نہ تھی

دامن شب میں کوئی ستارہ نہ تھا شمع کوئی سر رہ گزر بھی نہ تھی

اک بگولہ اٹھا دشت میں کھو گیا اک کرن تھی جو ظلمت میں گم ہو گئی

زندگی جس کو سمجھے تھے ہم زندگی زندگی مثل رقص شرر بھی نہ تھی

فصل گل سے تھا آباد صحن چمن فصل گل جو گئی رونقیں لٹ گئیں

یوں خموشی سے شام خزاں آئے گی اہل گلشن کو اس کی خبر بھی نہ تھی

اس طرح منزل آرزو کٹ گئی اس طرح یہ گھنی تیرگی چھٹ گئی

اپنے پاؤں پہ یارو خراشیں تو کیا اپنے چہرے پہ گرد سفر بھی نہ تھی

پھر سے آنکھوں کے ساغر چھلکنے لگے موج در موج آنسو نکلنے لگے

تابؔ گھر میں وہ مہمان پھر آ گیا جس کے آنے کی کوئی خبر بھی نہ تھی

مزید غزلیں از تاب اسلم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں