پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

تعشق لکھنوی کی غزلیں — Taashshuq Lakhnavi Ghazals

تعشق لکھنوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

محفل سے اٹھانے کے سزا وار ہمیں تھے (غزل)

محفل سے اٹھانے کے سزا وار ہمیں تھے

سب پھول ترے باغ تھے اک خار ہمیں تھے

ہم کس کو دکھاتے شب فرقت کی اداسی

سب خواب میں تھے رات کو بیدار ہمیں تھے

سودا تری زلفوں کا گیا ساتھ ہمارے

مر کر بھی نہ چھوٹے وہ گرفتار ہمیں تھے

کل رات کو دیکھا تھا جسے خواب میں تم نے

رخسار پہ رکھے ہوئے رخسار ہمیں تھے

دل سوختہ تھے چاہنے والوں میں تمہارے

لیکن سبب گرمئ بازار ہمیں تھے

کل کوچۂ قاتل میں جو تھا خلق کا مجمع

کھائے ہوئے اس ہاتھ کی تلوار ہمیں تھے

اے عشق مژہ کون ہمیں دیکھنے آتا

آنکھوں میں کھٹکتے تھے وہ بیمار ہمیں تھے

تربت میں بھی آنکھیں نہ ہوئیں بند ہماری

ایسے ترے اک طالب دیدار ہمیں تھے

ٹھنڈے کئے غیروں کے دل اور ہم کو جلایا

اک تھے تو محبت کے گنہ گار ہمیں تھے

ملتے ہی لب یار سے لب دل نکل آیا

مارا جسے عیسیٰ نے وہ بیمار ہمیں تھے

تم غیروں سے ڈر ڈر کے لپٹ جاتے تھے پیہم

کل رات کو نالاں پس دیوار ہمیں تھے

سب راز تعشقؔ سے بیاں ہوتے تھے دل کے

پہلے ترے اک محرم اسرار ہمیں تھے

کب اپنی خوشی سے وہ آئے ہوئے ہیں (غزل)

کب اپنی خوشی سے وہ آئے ہوئے ہیں

مرے جذب دل کے بلائے ہوئے ہیں

کجی پر جو افلاک آئے ہوئے ہیں

ان آنکھوں کے شاید سکھائے ہوئے ہیں

کبھی تو شہیدوں کی قبروں پہ آؤ

یہ سب گھر تمہارے بسائے ہوئے ہیں

کیا ہے جو کچھ ذکر مجھ دل جلے کا

پسینہ میں بالکل نہائے ہوئے ہیں

ذرا پھول سے پاؤں میلے نہ ہوں گے

تم آؤ ہم آنکھیں بچھائے ہوئے ہیں

کہیں خاک بھی اب نہ بیٹھے گی اپنی

کہ ان کی گلی سے اٹھائے ہوئے ہیں

گرے گا زمیں پہ نہ خون شہیداں

عبث آپ دامن اٹھائے ہوے ہیں

فقط پاس ہے ان کے تیر نگہ کا

جو سینہ سے دل کو لگائے ہوئے ہیں

جنازہ مرا دوستو کل اٹھانا

کہ وہ آج مہندی لگائے ہوئے ہیں

انہیں پاس ہے دل ہمارا مقرر

وہی ہم سے آنکھیں چرائے ہوئے ہیں

جو ہے گھر کے اندر وہی گھر کے باہر

وہ آنکھوں میں دل میں سمائے ہوئے ہیں

مرے بعد جانے کے اتریں گے کیوں کر

یہ کپڑے جو میرے پنہائے ہوئے ہیں

نہ ہو سبزہ رنگوں میں کیوں ان کی شہرت

مرے قتل پر زہر کھائے ہوئے ہیں

مرے خط کے پرزے اڑائے انہوں نے

کسی کے سکھائے پڑھائے ہوئے ہیں

خدا زلف سے دل جگر کو بچائے

بڑے پیچ میں دونوں آئے ہوئے ہیں

تڑپ کر شب ہجر میں کیوں نہ روؤں

چمکتی ہے برق ابر آئے ہوئے ہیں

تعشقؔ وہ جو چاہیں باتیں سنائیں

سر عجز ہم تو جھکائے ہوئے ہیں