سید یونس اعجاز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مخلوق تھے پہ خالق و خلاق ہو گئے (غزل)
مخلوق تھے پہ خالق و خلاق ہو گئے
بھوکوں کو یوں ملا ہے کہ رزاق ہو گئے
معصوم صورتیں تو دل و جاں ہی لے گئیں
جو بھولے بھالے لوگ تھے قزاق ہو گئے
تازہ سا کچھ لہو ہے رگ سنگ و خشت میں
لگتا ہے کوئی یار سے عشاق ہو گئے
رسمی سے اس ملاپ کی اللہ خیر ہو
کیا کیا دلوں میں پیار کے میثاق ہو گئے
کل واعظوں کے ہاں بھی ترا ذکر خیر تھا
یہ نیک بخت کیوں ترے مشتاق ہو گئے
کسب معاش نے کیا اسلاف سے جدا
گو نا خلف نہیں تھے مگر عاق ہو گئے
سورج پہ جیسے شب نے سیاہی انڈیل دی
اعجازؔ یوں حیات کے اوراق ہو گئے
تجھ کو پا کر بھی غرق یاس ملا (غزل)
تجھ کو پا کر بھی غرق یاس ملا
دل ہی کم بخت نا سپاس ملا
حسن عالم میں اور کیا ہوتا
حسن عالم تو تیرے پاس ملا
اف رے جلدی عدم سے آنے کی
جس کو دیکھا وہ بے لباس ملا
ہجر میں ذکر وصل یار تو چھیڑ
تلخئ غم میں کچھ مٹھاس ملا
آ دکھاؤں تجھے بھی جلوۂ دوست
میری آنکھوں میں اپنی پیاس ملا
جس پہ تکیہ ہوا مقدر کا
وہ ستارہ ہی بے اساس ملا
بات کا اذن عام تھا اعجازؔ
پر کسے حرف التماس ملا