پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید واصف حسن کی غزلیں — Syed Wasif Hasan Ghazals

سید واصف حسن کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بہت قریب ہے دل کے مگر نہیں ملتی (غزل)

بہت قریب ہے دل کے مگر نہیں ملتی

ہمیں پسند ہے جو شے ادھر نہیں ملتی

چمن میں پھول میں گلشن میں ہر نظارے میں

تلاش اس کو میں کرتا ہوں پر نہیں ملتی

وہ دیکھو آیا ہے قاصد بھی بعد مدت کے

خبر یہ لایا کہ کوئی خبر نہیں ملتی

نہ جانے کتنی ہی راہیں تلاش کر بیٹھے

تمہارے عشق کی کوئی ڈگر نہیں ملتی

فریبی راہ پہ چل کر نہ ڈھونڈ منزل کو

جو مل بھی جائے اگر معتبر نہیں ملتی

غم فراق کی غربت سے بے خبر رہتے

ہمیں یہ عشق کی دولت اگر نہیں ملتی

میں سوچتا ہوں غنیمت تھی زندگی اپنی

اے کاش ان سے ہماری نظر نہیں ملتی

اندھیری رات کو اس کی تو بے سبب نا سمجھ

سحر کے بعد ضیائے قمر نہیں ملتی

وہ مجھ سے روٹھ گئے اور مجھے پتا بھی نہیں (غزل)

وہ مجھ سے روٹھ گئے اور مجھے پتا بھی نہیں

یہ اور بات کہ اب تو مری خطا بھی نہیں

نجات کیسے میں پاؤں گا اس سزا سے بھلا

کہ میرے پاس تو بخشش کا راستہ بھی نہیں

کچھ اس طرح سے ہے ناراض اب مرا منصف

میری دلیل کو وہ شخص مانتا بھی نہیں

عجب بلا ہے محبت سمجھ کے باہر ہے

یہ عمر قید ہے لیکن کوئی سزا بھی نہیں

یہ سوچتا ہوں میں واصفؔ کہ کیا ہوا آخر

ضرور کچھ تو ہوا ہے مگر ہوا بھی نہیں

مزید غزلیں از سید واصف حسن ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں