سید سروش آصف کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یہ ہجرتوں کا زمانا بھی کیا زمانا ہے (غزل)
یہ ہجرتوں کا زمانا بھی کیا زمانا ہے
انہیں سے دور ہیں جن کے لیے کمانا ہے
خوشی یہ ہے کہ مرے گھر سے فون آیا ہے
ستم یہ ہے کہ مجھے خیریت بتانا ہے
ہمیں یہ بات بہت دیر میں سمجھ آئی
وہیں تو جال بچھا ہے جہاں بھی دانہ ہے
ہمیں جلا نہیں سکتی ہے دھوپ ہجرت کی
ہمارے سر پہ ضرورت کا شامیانہ ہے
نماز عید کی پڑھ کر میں ڈھونڈھتا ہی رہا
کہیں دکھے کوئی اپنا گلے لگانا ہے
وہیں وہیں لیے پھرتی ہے گردش دوراں
جہاں جہاں بھی لکھا میرا آب و دانہ ہے
مجھ میں کوئی مجھ جیسا ہو ایسا بھی ہو سکتا ہے (غزل)
مجھ میں کوئی مجھ جیسا ہو ایسا بھی ہو سکتا ہے
یا پھر کوئی اور چھپا ہو ایسا بھی ہو سکتا ہے
اس کے ہاتھ میں غبارے تھے پھر بھی بچہ گم سم تھا
وہ غبارے بیچ رہا ہو ایسا بھی ہو سکتا ہے
ایک رسالہ پڑھتے پڑھتے اس کی آنکھیں بھر آئیں
اس میں میرا شعر چھپا ہو ایسا بھی ہو سکتا ہے
امبر بھی نیلا نیلا ہے دریا بھی نیلا نیلا
ان دونوں نے زہر پیا ہو ایسا بھی ہو سکتا ہے
صحرا میں جب پیاس لگی تو میری وحشت نے سوچا
قیس نے خود کا خون پیا ہو ایسا بھی ہو سکتا ہے
جس کی خاطر بیچ سفر میں اس نے مجھ کو چھوڑا تھا
وہ بھی اس کو چھوڑ گیا ہو ایسا بھی ہو سکتا ہے