سید محمد میر اثر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تو مری جان گر نہیں آتی (غزل)
تو مری جان گر نہیں آتی
زیست ہوتی نظر نہیں آتی
دل ربائی و دلبری تجھ کو
گو کہ آتی ہے پر نہیں آتی
حال دل مثل شمع روشن ہے
گو مجھے بات کر نہیں آتی
ہر دم آتی ہے گرچہ آہ پر آہ
پر کوئی کارگر نہیں آتی
کیا کہوں آہ میں کسو کے حضور
نیند کس بات پر نہیں آتی
نہیں معلوم دل پہ کیا گزری
ان دنوں کچھ خبر نہیں آتی
کیجے نا مہربانی ہی آ کر
مہربانی اگر نہیں آتی
دن کٹا جس طرح کٹا لیکن
رات کٹتی نظر نہیں آتی
ظاہراً کچھ سوائے مہر و وفا
بات تجھ کو اثرؔ نہیں آتی
ہم ہیں بے دل دل اپنے پاس نہیں (غزل)
ہم ہیں بے دل دل اپنے پاس نہیں
آہ اس کا بھی تجھ کو پاس نہیں
بے وفا کچھ نہیں تری تقصیر
مجھ کو میری وفا ہی راس نہیں
قتل میرا ہے تیری بد نامی
جان کا ورنہ کچھ ہراس نہیں
تو ہی بہتر ہے ہم سے آئینے
ہم تو اتنے بھی روشناس نہیں
یوں خدا کی خدائی برحق ہے
پر اثرؔ کی ہمیں تو آس نہیں
مزید غزلیں از سید محمد میر اثر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں