سید محمد جعفری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بنا ہے کوٹ یہ نیلام کی دکاں کے لیے (نظم)
بنا ہے کوٹ یہ نیلام کی دکاں کے لیے
صلائے عام ہے یاران نکتہ داں کے لیے
بڑا بزرگ ہے یہ آزمودہ کار ہے یہ
کسی مرے ہوئے گورے کی یادگار ہے یہ
نہ دیکھ کہنیوں پہ اس کی خستہ سامانی
پہن چکے ہیں اسے ترک اور ایرانی
بڑا بزرگ ہے یہ گو قلیل قیمت ہے
میاں بزرگوں کا سایہ بڑا غنیمت ہے
جو قدردان ہیں وہ جانتے ہیں قیمت کو
کہ آفتاب چرا لے گیا ہے رنگت کو
یہ کوٹ کوٹوں کی دنیا کا باوا آدم ہے
اگرچہ ہے وہ نگہ جو نگاہ سے کم ہے
گزشتہ صدیوں کی تاریخ کا ورق ہے یہ کوٹ
خریدو اس کو کہ عبرت کا اک سبق ہے یہ کوٹ
مزید غزلیں از سید محمد جعفری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں