پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید محمد باقر کی غزلیں — Syed Mohammad Baqar Ghazals

سید محمد باقر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

حرف کو دفتر یمین پہ رکھ (غزل)

حرف کو دفتر یمین پہ رکھ

راز کو موجۂ امین پہ رکھ

چھو نظر سے مکاں مشیت کا

سر کو جلتی ہوئی زمین پہ رکھ

اپنے خود ساختہ خیالوں کی

برف کو شعلۂ یقین پہ رکھ

کھول اذن خروج کا پرچم

خون کا داغ آستین پہ رکھ

خود کی ڈھال سے کہیں بہتر

زخم تلوار کا جبین پہ رکھ

کھینچ رہوار تشنگی کی عناں

سارا جاہ و جلال زین پہ رکھ

وہ دلوں کی زباں سمجھتے ہیں

اپنی بے چارگی کو سین پہ رکھ

شاخوں سے لپٹتا ہوا اژدر نہیں دیکھا (غزل)

شاخوں سے لپٹتا ہوا اژدر نہیں دیکھا

پھولوں نے سر کوچۂ صرصر نہیں دیکھا

بڑھتے ہی گئے راہ شہادت کے فلک پر

گھر چھوڑنے والوں نے مکرر نہیں دیکھا

دریا نے کئی بار کنارے سے صدا دی

جاتے ہوئے پیاسے نے پلٹ کر نہیں دیکھا

دیکھی تو فقط تابش اسرار مشیت

سجدے کے تمنائی نے خنجر نہیں دیکھا

اک گل نے تبسم سے جلا دی صف اعدا

حلقوم پہ چلتا ہوا خنجر نہیں دیکھا

خیموں میں سسکتی ہوئی نمناک ہوا نے

بیمار کا جلتا ہوا بستر نہیں دیکھا

مزید غزلیں از سید محمد باقر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں