پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید مسعود حسن مسعود کی غزلیں — Syed Masood Hasan Masood Ghazals

سید مسعود حسن مسعود کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

درد دل درد جگر آٹھ پہر ہوتا ہے (غزل)

درد دل درد جگر آٹھ پہر ہوتا ہے

کیا ہی مجبور محبت میں بشر ہوتا ہے

بحث دونوں میں شب ہجر پڑی ہے دیکھوں

آہ میں یا مرے نالے میں اثر ہوتا ہے

شب فرقت مجھے مر مر کے سحر ہوتی ہے

شام سے حال مرا نوع دگر ہوتا ہے

وہ چلے آئیں گے اک روز کلیجہ تھامے

ہم دکھا دیں گے کہ نالوں میں اثر ہوتا ہے

لب رنگیں کا خیال آتا ہے جس دم دل کو

میری آنکھوں سے رواں خون جگر ہوتا ہے

رات دن کیا خلش نشتر غم ہے مسعودؔ

درد کیوں دل میں مرے آٹھ پہر ہوتا ہے

چین ملتا نہیں گھر میں بھی قیامت کیا ہے (غزل)

چین ملتا نہیں گھر میں بھی قیامت کیا ہے

اٹھ کے سو بار میں بیٹھا ہوں یہ وحشت کیا ہے

اس سے بے مہری و فرقت کی شکایت کیا ہے

جس کو یہ بھی نہیں معلوم محبت کیا ہے

پی کے اک جام جو بے ہوش بنا ہے ذی ہوش

مے کی تاثیر ہے ساقی کی کرامت کیا ہے

وجہ آزار ہے خود جن کے لئے طول حیات

ان کو اندیشۂ شام و شب فرقت کیا ہے

دیجئے حکم تو بیمار کی مشکل حل ہو

کام کر لے گی اجل آپ کو زحمت کیا ہے

حال عصیاں کا گنہ گار بیاں کر دیں گے

ان سے پوچھے گی جو آ کر تری رحمت کیا ہے

موت سے کہتے ہیں وہ جا کے کبھی دیکھ تو آ

میرے بیمار شب ہجر کی حالت کیا ہے

آپ کیا جانیں گزرتی ہے جو اس پر شب و روز

آپ کیا جانیں کہ دل کی مرے حالت کیا ہے

گرد مے خانہ لگاتا ہے ہزاروں چکر

صاف کہہ ہم سے کہ واعظ تری نیت کیا ہے

تارے گن گن کے شب ہجر گزر جاتی ہے

نیند دم بھر نہیں آتی یہ مصیبت کیا ہے

شومئی بخت کی مسعودؔ ہو کیا فکر مجھے

شکر ہر حال میں لازم ہے شکایت کیا ہے

مزید غزلیں از سید مسعود حسن مسعود ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں