سید انیس الدین احمد رضوی امروہوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ظاہر کی آنکھ سے نہ تماشا کرے کوئی (غزل)
ظاہر کی آنکھ سے نہ تماشا کرے کوئی
یہ دل ہے اس کو دل سے ہی دیکھا کرے کوئی
شور کمال حسن ہے رسوائیٔ نگاہ
پھر کیوں تمہارے حسن کا چرچا کرے کوئی
بس اک نگاہ مہر و مداوات کے عوض
میں جان بیچتا ہوں یہ سودا کرے کوئی
کیا اس شب فراق کی کوئی سحر نہیں
کب تک تمہارے ہجر میں تڑپا کرے کوئی
اگر سن لے کہیں بے مہر تو بھی داستاں میری (غزل)
اگر سن لے کہیں بے مہر تو بھی داستاں میری
جگر کے پار ہو جائے ترے طرز بیاں میری
کبھی جو صدمۂ فرقت سے میں نے آہ کی اے دل
زمانہ کو ہلا ڈالے گی یہ آہ و فغاں میری
زمیں کانپے اگر معلوم ہو حالت مری اس کو
فلک تھرائے گر سن لے کسی سے داستاں میری
نگاہیں ڈھونڈھتی ہیں ہر طرف صبح و مسا تجھ کو
عجب ظالم ہے تو رہتا ہے نظروں سے نہاں میری
جدائی میں جلے گا تیری مثل شمع دل میرا
اگر کی بتیاں بن کر جلیں گی ہڈیاں میری
نہ دن کو چین ملتا ہے نہ شب کو نیند آتی ہے
تری فرقت میں یہ حالت ہوئی جان جہاں میری
غم فرقت میں ہمدم حال میرا پوچھتا کیا ہے
نظر رہتی ہے ہر ساعت بہ سوئے آسماں میری
جہاں میں ہے زبان خلق پر ہر دم بت خود سر
جفا تیری وفا میری ستم تیرا فغاں میری
خدارا اک نگاہ لطف ہو انسیؔ کی جانب بھی
یہ کہتے کہتے تجھ سے سنگ دل سوکھی زباں میری